کول پاور پلانٹس کے منصوبوں کو مدنظر رکھ کر مستقبل کی ضروریات کے مطابق حکمت عملی تیار کی جائے گی‘ رانا بابر حسین

پیر 3 مارچ 2014 14:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3مارچ 2014ء)صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابرحسین نے کہا ہے کہ کول پاور پلانٹس کے منصوبوں کو مدنظر رکھ کر مستقبل کی ضروریات کے مطابق حکمت عملی تیار کی جائے گی، کوئلے سے بجلی کی پیداوا ر کے منصوبے لگانا شارٹ ٹرم منصوبہ بندی ہے، کول پاو رجنریشن کے ذریعے کافی حد تک توانائی کے بحران پر کم مدت میں قابو پایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوئلے سے حاصل ہونے والی بجلی کی پیداوار ی لاگت تیل کے مقابلے میں تقریباً پچاس فیصد کم ہے۔ پنجاب حکومت صوبے میں کوئلے سے بجلی کے حصول کے بڑے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ صوبے میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے پاور پلانٹس لگانے کیلئے 6 مقامات کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ ان مجوزہ پاور پلانٹس کی سائٹس پر بندرگاہوں سے درآمدی کوئلے کی ترسیل کیلئے مکمل نظام وضع کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی کی سربراہی میں سب کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی کوئلے کی ترسیل، بندرگاہوں پر کوئلے کی آف لوڈنگ اور ریلوے کے ترسیلی نظام کے حوالے سے 14 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔