ایشیاکپ :پاکستان نے ہندوستان سے ’مشرقی پاکستان ‘ فتح کرلیا، آفریدی کے چھکوں‌نے بھارتی قلعہ مسمار کر دیا ، بھارت کو بنگلہ دیش سے بھی نکال دیا ، پاکستان میں جشن ، انڈیا میں صفِ ماتم بچھ گئی

اتوار 2 مارچ 2014 21:32

ایشیاکپ :پاکستان نے ہندوستان سے ’مشرقی پاکستان ‘ فتح کرلیا، آفریدی ..

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) ایشیا کپ کے’ بارڈر‘ پر کرکٹ کے دو بڑے حریفوں پاکستان اور ہندوستان میں سنسنی خیز’جنگ‘ میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیدی ہے ۔ اس طرح پاکستان نے ہندوستان کو سابق ’مشرقی پاکستان میں دو عشروں کے بعد شکست دی ہے ۔ اس سے پہلے بھارت کو پاکستان نے 1992 میں شکست سے دوچار کیا تھا ۔بھارت کی اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان نے ہندوستان کو مشرقی پاکستان (بنگلہ دیش ) سے باہر نکال دیا ہے کیونکہ بھارت اب اس ٹورنامنٹ سے آئوٹ ہوچکا ہے ،اس فتح پر پاکستان بھر میں جشن منایا جا رہا ہےجبکہ بھارت میں اس شکست کے بعد صفِ ماتم بچھ گئی ہے ۔

پاکستان کے کئی حصوں میں آتش بازی کے ساتھ ہوائی فائرنگ کرکے بھی خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی ٹیم کوبھارتی ٹیم کی طرف سے فتح کیلئے دیے جانے والے 246رنز کے ہدف پر ’نشانہ بازی‘ کرتے ہوئے شرجیل خان اور احمد شہزاد اوپنرآئے تھے ، شرجیل خان25 جبکہ احمد شہزاد 42 رنز بنا کر مجموعی طورپر 71 سکور کیا، محمد حفیظ نے 75 ، عمر اکمل 4، مصباح الحق نے صرف ایک سکور کیا۔

بوم بوم شاہد آفریدی نے 33 گیندوں پر 34 رنز بنائے جس میں فتح سے ہمکنار کرنے والا چھکا بھی شامل ہے ۔ صہیب مقصود نے 38،عمر گل نے 12، جبکہ طلحہ اور سعید اجمل کوئی سکور نہ بنا سکے اور جنید خان ایک سکور کے ساتھ شاہد آفریدی کی طرح ناٹ آئوٹ رہے ۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوور ز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 245رنزبنائے تھے۔بھارت کو پہلے کھیلتے ہوئے ڈھاکہ کے شیربنگلہ سٹیڈیم میں پہلا نقصان اس وقت اٹھاناپڑا جب مجموعی طورپر 18رنز پرشیکھردھون اپنے انفرادی 10رنزکیساتھ محمد حفیظ کا شکار بن گئے۔

بھارتی کپتان ویرات کوہلی اپنے پانچ انفرادی رنز کیساتھ عمرگل کی گیند پر عمراکمل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ روہت شرما56انفرادی رنز کیساتھ محمدطلحہ کا شکار ہوئے ،کسی بھی ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں محمد طلحہ کی یہ پہلی وکٹ تھی۔مجموعی طورپر 103رنزپربھارت کی چوتھی وکٹ گری اور اجینیکارہا نے اپنے انفرادی 23رنز کیساتھ محمد طلحہ کا شکار بنے اور یہ طلحہ کی دوسری وکٹ تھی۔

بھارت کو پانچواں نقصان اس وقت اٹھاناپڑا جب انیش کارتک اپنے انفرادی 23رنز کیساتھ بھارت کے مجموعی طورپر155رنز پر محمد حفیظ کی گیندپر سعید اجمل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے جبکہ چھٹی وکٹ مجموعی طورپر214رنز پر گری اوررائیودوانفرادی طورپر 58رنز کیساتھ پویلین لوٹ گئے۔ ایشون مجموعی طورپر 237رنز پر 9انفرادی سکور کے ساتھ پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد شامی بغیرکوئی رنزبنائے سعید اجمل کا شکار ہوگئے۔پاکستان کی طرف سے اجمل نے تین ، طلحہ اور حفیظ نے دودوجبکہ عمراکمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں پاکستان نے ٹا س جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی ، بھارت سے مقابلے کے دوران پاکستانی اوربھارتی کرکٹ ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :