تہران میں میں 24ویں ریجنل پلاننگ کونسل کا اجلاس، پاکستان میں ادارے کی سالانہ کارکردگی پر اظہار اطمنان،اقتصادی تعاون تنظیم کی پاکستان کو ممبر ممالک سے سائنسی تعاون مزید مستحکم کرنے کی تلقین

اتوار 2 مارچ 2014 17:13

اسلام آباد/تہران(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) اقتصادی تعاون تنظیم (ایکو) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر علیشکوف نے پاکستان کو دیگر ممبر ممالک کے مابین سائنسی میدان میں تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ایکو سائنس فاوٴنڈیشن کو باہمی دلچسپی کے ایسے پروگرام منعقد کرانے چاہیے جس میں ممبر ممالک کے سائنسدان اور ماہرین ٹیکنالوجی شیئرنگ اور معلومات کے تبادلے کی غرض سے کم ا ز کم ایک دو ماہ مشترکہ طور پر وقف کرسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقائی تنظیم کے سیکرٹریٹ تہران میں 24ویں علاقائی پلاننگ کونسل کے اجلاس کے دوران کلیدی ممبر ملک پاکستان میں قائم ایکوسائنس فاوٴنڈیشن کے صدرپروفیسر ڈاکٹر منظور سومرو سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر منظور سومرو نے گزشتہ برس کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ نومبر 2013 میں علاقائی ماہرین کی ماحولیاتی تغیرات کے حوالے سے معلوماتی ورکشاپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا جبکہ رواں سال مئی میں ترکی میں انکوائری بیسڈسائنس ایجوکیشن کے موضوع پرورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں اسلام آباد میں قائم فرانس اور ترکی کے سفارتخانوں نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔

سیکرٹری جنرل اقتصادی تعاون تنظیم نے ڈاکٹر سومرو کو تلقین کی کہ ممبر ممالک کے مابین قریبی روابط کو فروغ دینے کیلئے متعلقہ وزارت خارجہ امور، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر ماہرین سے ملاقاتیں اور ایکو ایس ایف کے چارٹر، سائنسی تعاون اور بجٹ کے حوالے سے تعاون حاصل کیا جائے۔ پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین سومرو نے سیکرٹری جنرل کو سوینئر پیش کرتے ہوئے پاکستان میں سالانہ کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی۔

متعلقہ عنوان :