پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 81 جھنگ میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ (کل ) ہو گی

اتوار 2 مارچ 2014 12:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2مارچ۔2014ء) پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 81 جھنگ میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کل ( پیر ) کو ہو گی ،اس سلسلہ میں آج عام تعطیل کا اعلان کر کے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ پولیس کی طرف سے 66پولنگ سٹیشنزکوحساس ترین قرا ردیاگیاہے ۔11 مئی 2013ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار افتخاربلوچ نے 41440 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی تھی تاہم انہیں جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیدیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کی جانب سے اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے بھرپور انتخابی تحریک چلائی گئی اور دونوں جماعتوں کے اہم قائدین نے بھی مستقل طور پر حلقے میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔اس حلقے میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے افتخار احمد بلوچ کے چچا حاجی محمد خان بلوچ کو ٹکٹ دیاگیاہے جبکہ ان کا مقابلہ تحریک انصاف کے امیدوار رائے تیمور حیات بھٹی سے ہو گا۔پیپلز پارٹی کے امیدوار ساجد حسین قریشی ایڈووکیٹ سمیت آزاد امیدوار بھی مقابلے کے لئے میدان میں ہیں ۔