بھاتی صدرنے 29ویں صوبے کے قیام کے بل پر دستخط کردیئے، تیلنگانہ ریاست آندھرا پردیش کے مجموعی طور 23 اضلاع میں سے 10 اضلاع پر مشتمل ہو گی

ہفتہ 1 مارچ 2014 22:23

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء)بھارتی صدر پرنب مکھر جی نے ملک میں 29ویں صوبے کے قیام کے قانونی بِل پر دستخط کر دیے اس توثیق کے بعد نئی ریاست تیلنگانہ کو آندھرا پردیش سے الگ کرنے کے عمل شروع ہو جائے گا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کی وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان کے ایس دھت والیا نے کہاکہ ہفتہ کو صدر نے آندھرا پردیش کی تنظیم نو کے بِل پر دستخط کر دیے یہ وہ آخری منظوری تھی جو اس ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے عمل کو شروع کرنے کے لیے لازمی تھی، تیلنگانہ ریاست آندھرا پردیش کے مجموعی طور 23 اضلاع میں سے 10 اضلاع پر مشتمل ہو گی۔

(جاری ہے)

بقیہ علاقوں پر مشتمل ریاست کو سیماندھرا کا نام دیا جائے گا۔ بھارت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا گڑھ سمجھا جانے والا شہر حیدرآباد دونوں ریاستوں کا مشترکہ دارالحکومت بنے گا تاہم یہ شہر مشترکہ دارالحکومت زیادہ سے زیادہ 10 برس تک رہ سکتا ہے۔ ریاست تیلنگانہ کے قیام کی مہم چلانے والوں کے مطابق ان کے علاقے کو جان بوجھ کر پسماندہ رکھا گیا ہے اور یہ کہ الگ صوبہ بننے کی صورت میں نہ صرف انتظامی حوالے سے یہاں کے عوام کو فائدہ پہنچے گا بلکہ اس علاقے میں تیز رفتار معاشی ترقی بھی ممکن ہو سکے گی۔