کوئٹہ،بم کے ایک دھماکے میں فرنٹیئر کور کے تین اہلکار شہید اور چھ زخمی ،ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشتگرد مارے گئے،سوراب کے مقام پر نامعلوم شرپسندوں نے اس وقت ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکا کیا جب وہاں سے فرنٹیئر کور کی گاڑیاں گزر رہی تھیں،سوئی میں درینجن نالہ اور رستم بازار میں ایف سی کی شرپسندوں کیخلاف کارروائی ،فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشتگردمارے گئے

ہفتہ 1 مارچ 2014 20:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) ضلع قلات کے علاقے سوراب میں بم کے ایک دھماکے میں فرنٹیئر کور کے تین اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے جبکہ ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ کے تبادلے میں 6دہشتگرد مارے گئے،شہید اہلکاروں کے جسد خاکی اور زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ایف سی ترجمان کے مطابق ضلع واشک کی تحصیل بسیمہ سے ایک سو بیس کلو میٹر سوراب کے مقام پر نامعلوم شرپسندوں نے اس وقت ریموٹ کنٹرول بم سے دھماکا کیا جب وہاں سے فرنٹیئر کور کی گاڑیاں گزر رہی تھیں۔

دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔ جبکہ دھماکے کے بعد شرپسندوں نے ایف سی اہلکاروں پر شدید فائرنگ بھی کی اور راکٹ کے گولے بھی داغے۔ترجمان ایف سی کے مطابق حملے میں ایف سی کے تین اہلکار شہید اور چھ زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

اطلاع ملنے پر ایف سی کی مزید نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی جس کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ جبکہ شہدا اور زخمی اہلکاروں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں درینجن نالہ اور رستم بازار میں ایف سی نے شرپسندوں کے خلاف کارروائی کی۔ایف سی کی کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں چھ دہشتگردمارے گئے۔ ایف سی ترجمان کے مطابق درینجن نالے میں ملزمان کے ٹھکانوں سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔ سوئی میں ہی ایف سی نے ایک اور کارروائی کے دوران گیس پائپ لائنوں پر بم دھماکوں میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون پر بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ سوئی کے گردونواح میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس آپریشن میں تین خواتین سمیت سات افراد کو ہلاک کیا گیا ہے۔