حکومت کی موثرپالیسوں کی وجہ سے معیشت بہتری کی جانت گامز ن ہے، بیرسٹر عثمان ابراہیم،کم آمدنی والے افراد کیلئے 50لاکھ مکان تعمیر کرنے کا منصوبہ انقلابی اقدام ہے،وزیرمملکت برائے ہاؤسنگ

ہفتہ 1 مارچ 2014 20:25

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) وزیر مملکت برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے حکومت کی موثرپالیسوں کی وجہ سے معیشت بہتری کی جانت گامز ن ہے اور لوڈ شیڈ نگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کارکنوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ وزیر مملکت نے بعد ازاں اصغر کالونی کے راستے میں ریلوے لائن سے ملحقہ آبادی کے راستے میں رکاوٹیں اپنی زیر نگرانی ختم کر ادیں اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

خواجہ طارق جاوید نائیک، رضوان اسلم بٹ اور اہل علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زیر قیاد ت حکومت نے مشکل ترین حالات میں اقتدار سنبھالااور پہلے دن سے توانائی بحران کے خاتمہ کے لئے انتھک محنت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کے لئے 50لاکھ مکان تعمیر کرنے کا منصوبہ اپنی نوعیت کا انقلابی اقدام ہے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت شروع کیا جانے والا یہ پراجیکٹ تعمیراتی معیار اور شفافیت کا اعلی مظہر ہو گا۔ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے اس موقع پر شہریوں کے مسائل بھی سنے اور انہیں یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لئے تما م وسائل بروئے کا ر لائے جائیں گے۔