ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر دیا، داد رسی کیلئے آنے والے افراد کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑیگا،چیئرمین بیت المال، کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کمپلینٹ آفس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں، معاشی بحال کے سلسلے میں چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کیلئے 10 سے 50 ہزار روپے تک مالی سپورٹ کرنے کے منصوبے کا آغاز کیاہے، عابد وحید شیخ کاخطاب

ہفتہ 1 مارچ 2014 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1مارچ۔2014ء) بیت المال کے چیئرمین عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ ہم نے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر دیا تاکہ داد رسی کے لئے آنے والے افراد کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ کارکردگی بہتر بنانے کیلئے کمپلینٹ آفس بھی قائم کر دیئے گئے ہیں، معاشی بحال کے سلسلے میں چھوٹے کاروبار کرنے والے افراد کیلئے 10 سے 50 ہزار روپے تک مالی سپورٹ کرنے کے منصوبے کا آغاز کر دیا۔

وہ ہفتہ کو نیشنل پریس کلب کے پروگرام ”میٹ دی پریس“ سے خطاب کر رہے تھے۔ نیشنل پریس کلب پہنچنے پر صدر این پی سی شہریارخان اور فنانس سیکرٹری وقار ستی نے ان کا استقبال کیا اور انہیں پریس کلب بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سفید پوش افراد اور ایسے افراد جو پیشہ ور بھکاری نہ ہوں بلکہ ایسے افراد جو مالی وسائل نہ ہونے کے باعث کوئی کاروبار نہیں کر سکتے ایسے افراد کیلئے 10 سے 50 روپے تک کی مالی سپورٹ کا منصوبہ متعارف کرایا ہے جس سے چھوٹا کاروبار کر کے اپنے اہل خانہ کی کفالت کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ 25 ہزار بچیاں دستکاری کی تربیت حاصل کر چکی ہیں 60 لاکھ سے زائد میڈیکل کیسز نمٹا چکے ہیں۔ ویل چیئر کے طالب افراد کیلئے ویل چیئر کا حصول آسان بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ایسے صحافی حضرات جو اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید یا زخمی ہو جاتے ہیں ان کے لواحقین سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔

ان کے بچوں کو سکالر شپ دی جائے گی۔ معاشی بحالی کے منصوبے سمیت تمام منصوبہ جات پر کام جاری رہے گا۔ لاہور میں سینئر سیٹیزن ہوم قائم کیا ہے 28 سویٹ ہوم موجود ہیں، 2 سویٹ ہوم مزید بنائے ہیں اور 3 پائپ لائن میں ہیں۔ خواتین کیلئے دستکاری مراکز قائم کئے ہیں، اس حوالے سے ویمن ڈے پر ایک پائلٹ پراجیکٹ متعارف کرایا جائے گا۔ 70، 80 میڈیکل کیسز روزانہ کر رہے ہیں بغیر سفارش آنے والے افراد کے کیسز کو بغیر بلاامتیاز سیاسی وابستگی اور مذہب کے ترجیحی بنیادوں پر نمٹاتے ہیں۔

مزید منصوبے بھی زیرغور ہیں۔ پورے ملک میں تمام دفاتر کی ٹرانسپرنسی کیلئے ٹی فارمولا متعارف کرایا ہے تاکہ بیت المال کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال میں آنے والے افراد کو بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا ہم نے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے ان کی مشکلات میں کافی حد تک آسانیاں پیدا کر دی ہیں۔

متعلقہ عنوان :