سب سے پہلے ترقیاتی منصوبوں کیلئے این اے 55 کے فنڈز جاری ہونگے، شیخ رشید کا دعویٰ،ایکسپریس وے منصوبے کے نام سے دستبردار ہوگیا ہوں ،وفاق نے لئی ایکسپریس وے ،ٹی بی ہسپتال سمیت تمام رکے منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،سپیکر قومی اسمبلی کبھی ادھر بیٹھاتے ہیں کبھی ادھر، ڈر ہے کہیں اسمبلی میں بیٹھنے پر پابندی نہ لگا دیں،شیخ رشید احمد کا فری ڈسپنسری کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 28 فروری 2014 21:48

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ‘ایم این اے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے 342حلقوں کی ضمانت نہیں دیتا لیکن یہ میرا دعوی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے سب سے پہلے این اے 55کے فنڈز جاری ہونگے ‘ایکسپریس وے منصوبے کے نام سے دستبردار ہوگیا ہوں،وفاق نے لئی ایکسپریس وے ‘ٹی بی ہسپتال سمیت تمام روکے ہوئے منصوبوں کیلئے فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے،سپیکر قومی اسمبلی کبھی ادھر بیٹھاتے ہیں کبھی ادھر ‘ڈر ہے کہیں اسمبلی میں بیٹھنے پر پابندی ہی نہ لگا دیں ۔

وہ جمعہ کی شام ڈھوک دلال میں عوامی مسلم لیگ کے جنرل سیکرٹری آصف شہزاد مغل کی جانب سے عامر ابراہیم فری ڈسپنسری کی افتتا حی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

عوامی مسلم لیگ کے مرکزی راہنما شیخ راشد شفیق ‘آصف شہزاد مغل ‘پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے محمد اعجاز خان جازی ‘ جامع مسجد گلزار مدینہ کے مہتمم تنویر ضیائی ‘قاری محمد آصف ‘مولانا تنویر کے علاوہ اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد موجودتھی ۔

عوامی مسلم لیگ راولپنڈی کے سیکرٹری جنرل آصف شہزاد مغل نے خطبہ استقبال میں کہا کہ آج میں اپنے اللہ کا جتنا بھی شکر ادا کروں وہ کم ہے ‘اللہ نے مجھ سے فری ڈسپنسری کے قیام کا کام لیا ہے ‘میری یہ اولین ترجیح ہوگی کہ اپنے علاقے کی بچیوں کے لیے دستکاری سکول اور غریب بچوں کے لیے فری ایجوکیشن فراہم کروں ۔شیخ رشید احمد نے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ شہر کی ترقی سے غافل نہیں ہوں ‘ لیکن موجودہ حالات میں ملکی سلامتی کی جنگ لڑ رہا ہوں ‘اسمبلی میں راولپنڈی کی واحد آواز ہے جو غلط کو غلط اور مسائل پر بات کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لئی ایکسپریس وے کے حوالے سے آج میں نے قومی اسمبلی میں اپنے نام سے دستبردا ر ہونے کا اعلان کیا ہے ‘حکومت اس عوامی نوعیت کے منصوبے کو اپنے نام سے مکمل کر لے ‘اس کا فائدہ راولپنڈی کی عوام کو ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ یہ المیہ سے کم نہیں ہے کہ 8ماہ سے ملک کے کسی حلقے کے لیے ترقیاتی فنڈز جا ری نہیں کیے گئے ‘لیکن راولپنڈی کے عوام سے میرا وعدہ ہے کہ سب سے پہلے حلقہ این اے 55کیلئے فنڈز جاری ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہینے بہت اہمیت کے حامل ہیں،ہمارے شورش زدہ علاقوں میں را اور دیگر بیرونی ایجنسیاں کام کر رہیں ہیں،دوسری طرف طالبان سے مذاکرات صرف ٹی وی پر بیٹھ کر ہورہے ہیں جس کے بہتر نتائج نظر نہیں آ رہے ۔انہو نے کہا کہ آٹھ دفعہ وزیر بنا ہوں لیکن کسی حکومت نے میرے کسی منصوبے میں ایک پائی کی کرپشن ثابت نہیں کی ‘یہ ہی راولپنڈی کے عوام کی جیت ہے ۔ایم پی اے محمداعجاز خان جازی نے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کے لوگوں کے ساتھ حکومت پنجاب سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ‘راولپنڈی کے عوام میٹروبس نہیں بنیادی سہولیات کے منتظر ہیں ‘حکومت پنجاب راولپنڈی کے عوام کے ساتھ ظلم کرنا چھوڑ دے ۔