حکومت کا ہنی مون پریڈ ختم ہوچکا ،اب حکومت کو حکومت بننا پڑیگا، رضا ربانی، نیشنل سیکیورٹی پالیسی سینیٹ میں پیش نہ کی گئی تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی ،اس کیخلاف متحدہ اپوزیشن تحریک استحقاق لائیگی،صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 28 فروری 2014 19:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) پیپلزپارٹی کے سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کا ہنی مون پریڈ ختم ہوچکا اب حکومت کو حکومت بننا پڑیگا۔ نیشنل سیکیورٹی پالیسی سینٹی میں پیش نہ کی گئی تو یہ آئین کی خلاف ورزی ہوگی اس کیخلاف متحدہ اپوزیشن تحریک استحقاق لائے گی۔ اکثریت میں ہونے کے باوجود سینٹ میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

جمعہ کو پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں رضا ربانی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 90، 232.233.234کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تیار کی گئی پالیسی کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سینٹ اور قومی اسمبلی میں بحث کیلئے پیش کیا جانا ضروری ہے اگر حکومت نے سینٹ میں قومی سلامتی پالیسی پیش نہ کی تو آئین کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوگی اور سینیٹ کو نیچا دکھانے اور سینٹ کو اس کا حق نہ دینے کے مترادف ہوگا۔

(جاری ہے)

سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہاکہ ان دنوں سینٹ میں اہم رپورٹس پیش ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے قومی سلامتی رپورٹ سینٹ میں نہ پیش کی تو معاملہ استحقاق کمیٹی میں زیر غور لانے کیلئے اپوزیشن تحریک استحقاق لائے گی۔ میاں رضا ربانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت کا ہنی مون پریڈ ختم ہو چکا ہے اب حکومت کو حکومت بننا چاہئے۔حکومت کی پالیسی مناسب ہوئی تو قومی مفاد میں اپوزیشن ساتھ دیگی۔