Live Updates

تحریک انصاف کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی،امین اللہ گنڈہ پور،ہم عوام کی خوشحالی کے لئے عملی اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، وزیر مال خیبرپختونخوا

جمعہ 28 فروری 2014 19:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر مال علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کھوکھلے نعروں پر یقین نہیں رکھتی۔ہم عوام کی خوشحالی کے لئے عملی اقدامات اٹھانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے اور عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز صوبائی سیکرٹریٹ میں واقع اپنے دفتر میں لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے حوالے سے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کے دوران کیا۔

اجلا س میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی محمد ہاشم،ممبر ورکنگ گروپ شیر علی ارباب اور سینئر ممبر بورڈ وقار ایوب بھی شریک تھے۔اس موقع پر علی امین خان نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزیشن کے دوران غلطیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس سلسلے میں حائل تمام رکاوٹوں کو احسن طریقے سے دور کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیر مال نے کہا کہ لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کا کام تیزی سے جاری ہے اور جون2014 تک پشاور،مردان،ڈی آئی خان،ایبٹ آباد کے لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزیشن سے عوام کی جائیداد کے تنازعات کا خاتمہ بھی ہو جائے گا۔ سسٹم کو درست کرنے کے لئے پانچ سال کا عرصہ بہت کم ہے مگر ہماری انتھک محنت اور کاوشوں کی بدولت 66سال کے مسائل بھی جلد حل ہو جائیں گے۔وزیر مال نے SMBRکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کام کو مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ 66سالوں میں پہلی بار خیبر پختونخواکے لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے عوام کی جائیداد کے تمام تنازعات کا خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ سسٹم سندھ اور پنجاب کے مقابلے میں کئی گنا بہتر ہے اور اس کی تکمیل کے بعد عوام کو بہت سہولتیں ملیں گی۔اس موقع پر علی امین گنڈا پور نے پٹواریوں پر زور دیا کہ وہ اس نظام کے ساتھ متعارف ہو کر اس سلسلے میں فنی مہارت حاصل کریں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جاسکے۔انہوں نے تمام افسروں کو سرکاری ملازمین کی حیثیت سے اپنی کارکردگی کو بہتر اور یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات