کورنگی چمپئن شپ ‘ انعام میمورل اور لانڈھی نے پری کواٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

جمعہ 28 فروری 2014 17:05

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) انعام میموریل لانڈھی اور لانڈھی اسٹار بالترتیب مسلم اسپورٹس اور شہید ملت کو شکست دے کر KYI کورنگی فٹبال چمپئن شپ کے پری کواٹرفائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔دونوں میچوں کے فیصلے ٹائی بریکر پر برامد ہوئے۔انصار یونین فٹبال گراوٴنڈ کے سرسبز میدان پر انعام میموریل اور مسلم اسپورٹس کے مابین دلچسپ مقابلہ کھیلا گیا۔

محمد حمید نے 9ویں منٹ میں حریف گول کیپر ذیشان ایوب کو کوئی موقع نہ دیا۔اورانعام میموریل کو 1-0کی سبقت حاصل ہوگئی۔یہ برتری وقفہ تک برقرار رہی اور 37ویں منٹ میں متبادل اسٹرائیکر اذلان ظہور نے مسلم اسپورٹس کو 1-1سے ہم پلہ بنادیا۔مقررہ وقت میں مزید کوئی گول اسکور نہ ہوسکا اور میچ کو ٹائی بریکر پر فیصلہ کن بنایا گیا ۔

(جاری ہے)

انعام میموریل کے مبین الرحمن، محمد رفیع،مبین ہمایوں اورخلیل احمد نے گیند کو جال میں ڈالا جبکہ مسلم اسپورٹس کے محمد امجد اور عبدالروٴف ہی گیند کو جال کی جانب روانہ کرسکے۔

انعام میموریل 4-2کی فیصلہ کن کامیابی کے ساتھ پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔ لانڈھی اسٹار اور شہید ملت کا مقابلہ بھی مقررہ وقت میں 1-1کی برابری پر ختم ہوا۔لانڈھی اسٹار کی سلمان نعیم کے ذریعے 5ویں منٹ میں حاصل کی گئی برتری کا خاتمہ صرف 4منٹ بعد شہید ملت کے محمد سہیل نے کیا۔تاہم مقررہ دورانیہ میں کسی جانب سے گیند کا رخ جال کی جانب نہ موڑا جاسکا اورمیچ کو پنالٹی ککس پر فیصلہ کن بنایا گیا جہاں لانڈھی اسٹار کے سلمان نعیم، اودبن احمد،طالب اور اویس احمد کے نشانے درست سمت میں گئے جبکہ حمید الرحمن اور حبیب الله شہید ملت کیلئے گیند کو جال تک پہنچا سکے۔

4-2کی برتری کے ساتھ لانڈھی اسٹار کو ٹاپ 16میں جگہ مل گئی۔ ریفریز ندیم انصاری، ابرار حسین ، محمدیوسف، اعجاز حسین، محمدکامران اورعبدالواحد جبکہ میچ کمشنر خالد مجید اور ایچ ایم حنیف تھے۔آج الشہباز اورجھولے لعل جبکہ ہزارہ اورینگ آزاد نبردآزماہونگی۔