پہلی سہ ماہی میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کمی

جمعہ 28 فروری 2014 16:56

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کمی ہوئی، مہنگائی اور حکومتی قرضوں میں نمایاں اضافہ جبکہ روپے کی قدر میں چھ فیصد کمی ہوئی۔اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال جولائی سے ستمبر 2013 کے دوران معاشی کارکردگی سے متعلق اقتصادی جائزہ رپورٹ جاری کردی، اسٹیٹ بینک کا کہنا کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران معاشی شرح افزائش 5 فیصد رہی، جو گزشتہ سال ڈھائی فیصد تک محدود تھی ، مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے1.1 فیصد تک گر گیا، جو گذشتہ برس اس مدت میں 1.2 فیصد تھا۔

رپورٹ کے مطابق بیرونی قرضوں کی واپسی کی شرح بلند رہی، جس سے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباو پڑا، اور ذخائر کی مالیت ایک ارب20 کروڑ ڈالر کم ہوگئی، رواں مالی سال پہلی سہ ماہی میں حکومتی قرضوں میں 10 کھرب روپے ریکارڈ اضافہ ہوا، صنعتی شعبے نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس سے درامدات اور تجارتی خسارے میں اضافہ ہوا، ساتھ ہی کرنٹ اکاونٹ خسارہ بھی ایک ارب 20کروڑ ڈالر رہا، تاہم ترسیلات میں 9 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پہلی سہ ماہی میں زرعی شعبہ کی کارکردگی ہدف سے کم رہی، معاشی ترقی کی رفتار برقرار رکھنے کے لئے حکومت کو توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :