آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنیوالوں کیساتھ دہشتگردوں کی آمد کا خدشہ موجود رہتا ہے ،مکمل الرٹ ہیں‘ آئی جی پنجاب

جمعہ 28 فروری 2014 16:54

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب خان بیگ نے کہا ہے کہ آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کیساتھ دہشتگردوں کی آمد کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مکمل الرٹ ہے ،تمام اضلاع کے ڈی پی اوز کو پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت سے مکمل تعاون کی ہدایت کی گئی ہے ، لاہور بڑی آبادی والا شہر ہے امسال کے آخر تک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم شروع ہونے سے سٹریٹ کرائم میں مزید کمی واقع ہو گی ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشتگردی کی روک تھام کے لئے صوبائی حکومت اور پولیس نے ویجی لینس سسٹم متعارف کراکے اس پر عمل کیا ہے جس سے ا ن واقعات کو روکنے میں بڑی حد تک مدد ملی ہے۔ انہوں نے شمالی وزیرستان میں ممکنہ آپریشن کے بعد دہشتگردوں کی آمد کے حوالے سے کہا کہ جب کبھی بھی آپریشن کے دوران نقل مکانی ہوتی ہے اس میں دہشتگردوں کی آمد کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے تاہم پولیس اس حوالے سے مکمل الرٹ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لاہور ایک بڑی آبادی والا شہر ہے اور اس وجہ سے کرائم ہوتے ہیں لیکن پولیس نے سٹریٹ کرائم کو کنٹرول کیا ہے ۔ امسال کے آخر تک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی کام شروع کر دے گا جسکے بعد وارداتوں کی روک تھام اور مجرموں کو پکڑنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کچے کے علاقے میں خطرناک مجرموں کی موجودگی کے حوالے سے کہا کہ ڈی جی خان اور مظفر گڑھ میں پولیس نے متعدد کارروائیاں ں کی ہیں جس میں ہمیں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے آئی جی پنجاب خان بیگ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پولیو مہم کے دوران پولیو ورکرز کی سکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ اس سلسلہ میں تمام ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ محکمہ صحت سے مکمل تعاون کریں۔