وفاقی وزیر مذہبی امور سے متحدہ عرب امارات کے سفیر کی ملاقات، امن وسلامتی کے فروغ کیلئے 9 مارچ سے ہونیوالی کانفرنس میں شرکت کی دعوت

جمعہ 28 فروری 2014 14:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28فروری 2014ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں قیام امن کیلئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں ،پاکستانی متحدہ عرب امارات کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے سفیر عیسیٰ عبداللہ الباشاالنوئی کیساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وفاقی وزیر مذہبی امور کو دبئی میں امن وسلامتی کے فروغ کیلئے 9 سے 11 مارچ تک منعقد ہونیوالی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ امن وسلامتی کے فروغ کیلئے کانفرنس میں شرکت کر کے اپنی تجاویز سے آگاہ کرینگے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قیام امن کیلئے بھرپور کوششیں کررہا ہے ، متحدہ عرب امارات کیساتھ ہمارے دیرینہ مذہبی وثقافتی تعلقات ہیں، پاکستانی اسے اپنا دوسراگھر سمجھتے ہیں اور وہاں کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں ۔

سردار محمد یوسف نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر اسلام کیخلاف ہونیوالے پراپیگنڈہ کے تدارک کیلئے اس قسم کی کانفرنسیں معاون ثابت ہونگی ۔ اس موقع پر یو اے ای کے سفیر نے قیام امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت اور ادارے اس سلسلے میں بھرپور کردارادا کررہے ہیں، انہوں نے پاکستان کا کانفرنس میں شرکت کرنا ہمارے لئے باعث افتخار ہوگا۔