ایشیا کپ میں پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر بونس پوائنٹ بھی حاصل کرلیا

جمعرات 27 فروری 2014 20:46

ایشیا کپ میں پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر بونس پوائنٹ بھی حاصل ..

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27فروری۔2014ء) ایشیا کپ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے عمر اکمل کی شاندار سنچری کی بدولت افغانستان کو 72 رنز سے شکست دے کر ایک بونس پوائنٹ بھی حاصل کرلیا۔بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ کے خان صاحب عثمان علی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو پاکستانی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر افغانستان کو 249 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں افغان ٹیم کے تمام بلے باز 48 ویں اوور میں 176 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

پہلے بلے بازی کرتےہوئے پاکستان کی پہلی وکٹ 55 رنز پر اس وقت گری جب شرجیل خان 25 رنز بنا کر آؤٹ ہو ئے، اس کے بعد افغان بالروں نے پاکستانی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور ایک کے بعد ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھاتے رہے اور ایک موقع پر گرین شرٹس کے 6 کھلاڑی 117 رنز پر آؤٹ ہو چکے تھے، اس موقع پر عمر اکمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور مقررہ 50 اوور میں 248 رنز تک پہنچا دیا اور افغان ٹیم جیت کے لئے 249 کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے عمر اکمل نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ احمد شہزاد نے 50، شرجیل خان نے 25، انور علی نے 21 اور عمر گل نے 15 رنز بنائے۔ محمد حفیظ 10، صہیب مقصود 13، شاہد آفریدی 6 اور مصباح الحق اپنا کھاتا کھولے بغیر ہی رن آؤٹ ہو گئے۔ افغانستان کی جانب سے سمیع اللہ نیازی، دولت زردان اور میرواعظ اشرف نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حمزہ ہوتک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں افغانستان کے اوپنرز نے شاندار کھیل کا آغاز کیا اور نور علی زدران نے 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ محمد شہزاد 9 بنا کر ہی پویلین لوٹ گئے، افغانستان کے ٹاپ آرڈر کے اصغراستانکزئی نے بھی بہترین کھیل پیش کیا اور 40 رنز اسکو کرکے شاہد آفریدی کی بال پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے علاوہ نیروز مینگل نے 35 جب کہ کپتان محمد نبی صرف 15 رنز بنا کر عمر گل کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کے محمد حفیظ نے افغانستان کے 3 جب کہ عمر گل اور سعید 2، 2 اور شاہد آفریدی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پاکستان نے افغانستان کی پوری ٹیم کو 191 رنز سے پہلے آؤٹ کرنے پر ایک اضافی بونس پوائنٹ بھی حاصل کرلیا جب کہ شکست دینے پر 4 پوائنٹ حاصل کرنے کے بعد پاکستان کے ٹوٹل پوائنٹ 5 ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :