پشاور،راکٹ حملے اورخودکش حملوں کے واقعات کی روک تھام ،خیبرپختونخواحکومت نے پشاور کو محفوظ بنانے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر کے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو ریڈ الرٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا

جمعرات 27 فروری 2014 19:04

پشاور،راکٹ حملے اورخودکش حملوں کے واقعات کی روک تھام ،خیبرپختونخواحکومت ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) صوبائی دارالحکومت پشاور پر راکٹوں و مارٹرز شلز کے حملوں اور ایرانی قونصلیٹ کے قریب خود کش حملہ کے واقعات کے بعد صوبائی حکومت کی طرف سے پشاور کو محفوظ بنانے کے لئے موثر منصوبہ بندی کر کے پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو ریڈ الرٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔اس سلسلے میں سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور خیبر پختونخواسید اختر علی شاہ کی طرف سے صوبے بھر کی انتظامیہ کے افسروں اور پولیس کے افسروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ افغانستان و قبائلی علاقوں سے پشاور میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر جگہ جگہ ناکے لگاکر شہری علاقوں میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں کی میٹل ڈیٹکٹر اور کھوجی کتوں کے ذریعے چیکنگ کی جائے۔

افغان باشندوں کے علاوہ کرایہ کے مکانات میں رہنے والوں،ہوٹلوں،مسافر خانوں اور گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرنے والوں کی خصوصی طورپر چیکنگ کی جائے۔

(جاری ہے)

جن جن علاقوں کی باؤنڈری قبائلی علاقوں سے ملتی ہے ان علاقوں میں کمانڈو ز دستوں کے ذریعے ٹارگٹڈ سرچ آپریشن شروع کیاجائے۔کاغذات نہ رکھنے والی کسی بھی گاڑی کو شہری علاقوں میں داخل ہونے نہ دیاجائے۔

سیکرٹری داخلہ کی طرف سے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبے بھر کے افسروں کو خبر دار کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی کے سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ سیکیورٹی کے سلسلے میں غفلت کے مرتکب افسروں و اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ محکمہ داخلہ کے سپیشل پراونشل مانیٹرنگ سیل سے سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کا سلسلہ بھی شروع کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :