رضاکارانہ طور پرٹریفک اسکاؤٹس پروگرام میں شمولیت کرنے والے160طلبہ کی ٹریننگ شروع

جمعرات 27 فروری 2014 13:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27فروری 2014ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہور سہیل چوہدری نے کہاکہ اہم اور مصروف شاہراؤں پر واقعہ سکول و کالجز کے باہر پارکنگ کے بہتر انتظامات اور ٹریفک کی مزید بہتر روانی کیلئے سکول و کالجز کی انتظامیہ سے مل کر” ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام“ شروع کردیا گیا ہے۔ابتدائی طور پر30سے زائد سکولوں کی انتظامیہ کے تعاون سے160طلبہ کو ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام کی تربیت دی جا رہی ہے۔

اہم اور مصروف شاہراؤ ں پر واقعہ سکولوں سے پانچ پانچ طلبہ کو بنیادی ٹریفک قوانین ، روڈ سیفٹی اور حادثے کی صورت میں فرسٹ ایڈ بارے سمیت محفوظ ڈرائیونگ کے طریقہ کار اور رہنما اصولوں پر مفصل بریفنگ دی جارہی ہے۔سہیل چوہدری نے کہاکہ سکول و کالجز کی انتظامیہ سے مل کر ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام کو وسیع کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

ٹریفک مسائل کے خاتمے کیلئے عوامی حلقوں کا تعاون بے حد ضروری ہے اور اسی مقصد کیلئے سکولوں میں ٹریفک اسکاؤٹس پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

ٹریفک اسکاؤٹس ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد یہ طلبہ رضاکارانہ طور پراپنے اپنے سکولوں کے باہر صبح سکول ٹائم اور چھٹی کے وقت ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں ٹریفک وارڈنز کی مدد کریں گے ۔ٹریفک اسکاؤٹس اپنے سکول کے طلبہ کو سڑک پار کروانے اور سکول کے باہر رانگ اور ڈبل پارکنگ ختم کروانے میں مدد کریں گے۔سہیل چوہدری نے کہ سکول اور کالج کی انتظامیہ ٹریفک اسکاوٹس پروگرام میں شمولیت کیلئے سٹی ٹریفک پولیس ہیلپ لائن0421915اور انچارج ایجوکیشن یونٹ03042222672 سے رابطہ کر سکتی ہے۔