طالبان سے اب تک مذاکرات غیر مفید جبکہ فضائی کارروائیاں موثر ثابت ہوئی ہیں، سرتاج عزیز

جمعرات 27 فروری 2014 13:26

طالبان سے اب تک مذاکرات غیر مفید جبکہ فضائی کارروائیاں موثر ثابت ہوئی ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27فروری 2014ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ اب تک تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ حکومت کے مذاکرات غیر مفید جبکہ فضائی کارروائیاں بہت موثر ثابت ہوئی ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور نے کہا کہ اسلام امن اوربھائی چارے کا درس دیتا ہے، معاشرے سے تشدد کاخاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے، نائن الیون کے بعد پورا خطہ تشدد کا شکار ہے جس کا آغاز امریکا نے ہمارے پڑوس سے شروع کیا، 18کروڑ عوام میں چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت موجود ہے اور انہوں نے موجودہ حکومت کو معاشرے سے تشدد کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے، ہمیں بھی تشدد کی پیچیدگیوں اور چیلنجوں کا احساس ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں شدت پسندوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کی گئیں تاہم ان کے بعد طالبان کی جانب سے کوئی مثبت جواب نہیں آیا۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں داخلہ پالیسی پیش کردی گئی ہے اسی طرح آئندہ 2 ہفتوں میں دفاعی اور بین الاقوامی پالیسی بھی آئے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی کا عمل پیرا ہے اور سمجھتا ہے کہ افغانستان خود مختار ملک ہے اپنے فیصلے خود کرسکتا ہے، اس کے علاوہ شام میں باغیوں کو اسلحہ فراہم کرنے کی بات غلط ہے۔ سعودی عرب دنیا بھر سے ہتھیار خرید رہا ہے اور وہ نہیں سمجھتے کہ سعودی حکام ہمارے ہتھیار خریدیں گے کیونکہ ہمارے ہتھیار اتنے اچھے نہیں ہیں۔