یوتھ فیسٹیول میں تاریخ رقم،9 نئے گنیز ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش ،کیپٹن ارباب 2 نئے عالمی ریکارڈز بنانے کی کوشش کر کے پہلے دن کے ہیرو قرار پائے،گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم نے تمام مقابلے مانیٹر کئے ،جلد باضابطہ اعلان کے بعد ان کاوشوں کو عالمی ریکارڈ کا باقاعدہ درجہ دیگی ، عالمی ریکارڈ زبنانے کی کوششوں کا سلسلہ (کل) بھی جاری رہے گا

بدھ 26 فروری 2014 22:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء)پنجاب یوتھ فیسٹیول 2014ء پاکستانی نوجوانوں نے پہلے ہی روز 9 نئے گینز ریکارڈز بنا نے کی کوشش کر کے عالمی افق میں فتح وکامرانیوں کی ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم نے تمام مقابلے مانیٹر کئے جو جلد باضابطہ اعلان کے بعد ان کاوشوں کو عالمی ریکارڈ کا باقاعدہ درجہ دے گی ۔کیپٹن ارباب 2 نئے عالمی ریکارڈز کی کاوش کے ساتھ بنا کر پہلے دن کے ہیرو قرار پائے۔

صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے اس موقع پر ڈی جی سپورٹس عثمان انوراور گینز ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔سپورٹس بورڈ پنجاب جمنیزیم ہال میں پہلے ریکارڈ کی کاوش پاکستان آرمی کے کیپٹن ارباب نے 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ ایک منٹ میں ایک ہاتھ پر 62 پش اپس لگاکرکی ۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یہ ریکارڈ برطانوی شہری کے پاس تھا جس نے 40 پونڈ وزن کے ساتھ ایک منٹ میں ایک ہاتھ پر 31 پش اپس لگائے تھے۔

دوسرے ریکارڈ کی کاوش پاکستان کے7 افراد نے ایک ساتھ 46 سیکنڈ تک سینڈوچ کی شکل میں بنے کیل کے بستر پر اوپر تلے لیٹ کر کی ۔اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے 5 افراد نے بنایا تھا۔ نئے ریکارڈ کی کاوش میں تاج محمد، مجتبیٰ حسن، معراج حسین، نعمان ، حسن ، ارسلان اور اثمر شامل تھے۔ تیسرے ریکارڈ کی کاوش محمد راشد نے کی جنہوں نے ایک منٹ میں 155 اخروٹ توڑے اس سے پہلے امریکہ کا ریکارڈ ایک منٹ میں 44 اخروٹ توڑنے کا ہے ۔

فرحان ایوب نے ایک منٹ میں 38کپ اپس لگا کر برطانیہ کا 22 کپ اپس کا ریکارڈ توڑ نے کی کاوش کی۔ کیپٹن ارباب نے ایک منٹ میں الٹے ہاتھوں سے 166 پش اپس لگاکر قطر کے شہری کا 132 پش اپس کا ریکارڈ توڑنے کی کاوش کی۔ ندیم عباس نے 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ الٹے ہاتھوں پر 70پش اپ لگا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کی کاوش کی اس سے قبل یہ ریکارڈ 51 پش اپس کے ساتھ امریکہ کے پاس تھا۔

مجتبیٰ حسن نے نن چاقو کے ساتھ ایک منٹ میں 107 اخروٹ توڑ کردنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ اس پاکستانی نوجوان نے کمال مہارت اور پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کا 49 اخروٹ توڑنے کا ریکارڈ اپنے نام کرنے کی کوشش کی۔علی حیدر نے الٹے ہاتھوں پر 60 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 52 پش اپس لگاکر نیا ریکارڈ قائم کرنے کی کوشش کی اس سے قبل یہ ریکارڈ 38 پش اپس کا تھا۔ نویں ریکارڈ میں ظفر اقبال نے ایک منٹ میں 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 100 پش اپس لگائیں اس سے پہلے یہ ریکارڈ73 پش اپس کے ساتھ لبنان کے پاس تھا۔گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم نے تمام مقابلے مانیٹر کئے۔عالمی سطح پر ریکارڈ بنانے کا سلسلہ 27فروری کو بھی جاری رہے گا۔