وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کا سب سے بڑے سرمایہ کاری پیکیج پر اظہارتشکر‘چینی سفیر کو اپنے ہاتھ سے مٹھائی کھلائی

بدھ 26 فروری 2014 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) پاکستان کی تاریخ میں عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے سرمایہ کاری کے سب سے بڑے پیکیج کے اعلان پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں چین کے سفیر سن ویڈانگ سے ملاقات کے دوران صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی طرف سے اظہار تشکر کا پیغام پہنچایا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے چینی سفیر کو گلدستہ اور مٹھائی پیش کی اور اپنے ہاتھوں سے مٹھائی بھی کھلائی اور کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے اس لیئے میں آپ کا منہ میٹھا کرا رہا ہوں۔

اس کے جواب میں چین کے سفیر سن ویڈانگ نے بھی اپنے ہاتھ سے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو مٹھائی کھلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے بھی زیادہ میٹھی ہے۔ جس پر دونوں ملکوں کے عوام کو فخر ہے۔ وزیر اعلی نے اس موقع پر کہا کہ ان کے دورہ چین کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کے لیئے مارچ کے پہلے ہفتے میں پاکستان کا ایک وفد چین کا دورہ کرے گا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیر اعظم کے مشیر برائے امور خارجہ طارق فاطمی بھی موجود تھے ۔