Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو 96روز مکمل ، محب وطن پاکستانی ڈرون حملوں کو پاکستان کی سالمیت پر حملہ سمجھتے ہیں،کارکنان

بدھ 26 فروری 2014 20:06

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو 96روز مکمل ہو گئے۔بدھ کو تحریک انصاف فاٹا کے کارکنان نے اقبال آفریدی،گلداد خان،نذر نواز،بابائے دھرنا میجر فیاض خلیل اور اقلیتی رہنما ارنسٹ نہال کی قیادت میں دھرنا دیا۔شرکاء کی بڑی تعداد نے بارش کے باوجود دھرنے میں بھرپور شرکت کی جبکہ ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا،اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی اس موقع پر موجود رہے۔

کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے ڈرون حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ محب وطن پاکستانی ڈرون حملوں کو پاکستان کی سالمیت پر حملہ سمجھتے ہیں ۔کسی دوسرے ملک کو یہ اجازت نہیں ہونی چاہئے کہ وہ ہماری سرحدوں کے اندر حملے کرے۔

(جاری ہے)

بدقسمتی سے ماضی میں حکمرانوں نے ڈالروں کے عوض پاکستانیوں بالخصوص قبائلی عوام کے خون کا سودا کیا جس کا خمیازہ آج بھی بھگتنا پڑ رہا ہے اورافسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج کے حکمران بھی امریکہ کی غلامی میں جتے ہوئے ہیں۔

رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ اگر کہیں پر آپریشن کرنے کی از حد ضرورت ہے تو اس سے قبل وہاں کے عوام کو بحفاظت نکالا جائے اور انہیں تمام تر سہولیات مہیا کی جائیں۔کارکنان نے بارش کے باوجود ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا اور شدید نعرے بازی کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات