حج کرپشن،چار ملزمان عدالت میں پیش، سیکرٹری کی ضمانت کی درخواست

بدھ 26 فروری 2014 15:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26فروری 2014ء) حج کرپشن کیس میں سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت چار ملزمان سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت میں پیش ، عدالت سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کی عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ آئندہ سماعت پر کریگی۔ حج کرپشن کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد ارم نیازی نے کی ، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی سمیت چار ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر چودھری اظہر نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں پچاس سے زائد گواہوں کی شہادتیں قلمبند ہو چکی ہیں۔ صرف چھ گواہوں کے بیان ریکارڈ کرنا باقی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابق ڈی جی حج راؤ شکیل کی غیر قانونی تقرری کے الزام میں سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کیخلاف انکوائری مکمل ہو چکی، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے خالد قریشی نے رپورٹ میں سابق سیکرٹری کو بے گناہ قرار دیا ہے ۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حج کرپشن اور راؤ شکیل کی تقرری الگ الگ مقدمات ہیں ۔ چودھری اظہر نے کہا کہ حج کرپشن کیس کا مکمل چالان عدالت میں پیش ہو چکا ہے جبکہ راؤ شکیل کی غیر قانونی تقرری کیخلاف تین عبوری چالان بھی پیش کیے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران معلوم ہوا ہے کہ سابق وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کے اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے رقم منتقل ہوئی ۔ اس موقع پر حامد سعید کاظمی نے کہا کہ بیرون ملک سے میرے اکاؤنٹ میں رقم منتقل نہیں ہوئی۔ عدالت نے کہا کہ سابق سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کی عبوری درخواست ضمانت پر فیصلہ آئندہ تاریخ کو سنایا جائے گا ، حج کرپشن کیس کی سماعت بارہ مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔

متعلقہ عنوان :