ایف سی اہلکاروں کی لاشوں پر امن کا محل کھڑانہیں کرسکتے ،خرم دستگیر ،طالبان سے مذاکرات ،جنگ کرنے والوں سے جنگ کریں گے ،ہرکسی سے ان کی زبان میں بات کرناجانتے ہیں،ڈرون حملے بند ہونے کے باجودجنگجوؤں کی مہلک کارروائیاں جاری ہیں، طالبان کو بیرونی فنڈنگ سے روکنا ،اپنی سرحدوں کو محفوظ بناناہوگا،وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر کی گفتگو

منگل 25 فروری 2014 22:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر نے کہاہے کہ مذاکرات میں حکومتی سنجیدگی نہ دکھانے کے طعنے دینے بند کیے جائیں، ایف سی اہلکاروں اورکراچی پولیس کے جوانوں کی لاشوں پر امن کا محل کھڑانہیں کرسکتے،ڈرون حملے بند ہونے کے باجود طالبان کی مہلک کارروائیاں جاری ہیں، شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے،ہمیں طالبان کو بیرونی فنڈنگ سے روکنا اوراپنی سرحدوں کو محفوظ بناناہوگاتب ہی ملک میں امن وامان کی صورتحال میں کچھ بہتری آئیگی،منگل کو نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرتجارت انجینئرخرم دستگیر نے کہاکہ ہم آج بھی مذاکرات کے حق میں ہیں جو گروپ ہم سے مذاکرات کریں گے ان سے مذاکرات کئے جائیں گے لیکن جو لوگ مذاکرات نہیں چاہتے اور وہ جس زبان میں ہم سے بات کریں گے ان سے اسی زبان میں بات کی جائیگی،انہوں نے کہاکہ طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے جلد بازی نہیں کرنا چاہتے، اس معاملے کو ہر پہلو سے دیکھ رہے ہیں ،حکومت کی ترجیحی ہے کہ مذاکرات جاری رہنے چاہئیں،انہوں نے کہاکہ اگر شدت پسندوں کیخلاف آپریشن شروع کیاجاتاہے تو اس کو جنگ کہنے کی ضرورت نہیں کیونکہ یہاں پرکوئی مخالف فوج نہیں ہے یہ اسلام کی جنگ نہیں ہے اورنہ ہی امریکا مخالف ردعمل ہے،یہ چند لوگ ہیں جو زمین کے ٹکڑے کیلئے پاکستان کے عوام کی جان لے رہے ہیں،انہوں نے کہاکہ ڈرون حملے بند ہونے کے بعد بھی طالبان اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں مطلب یہ ہواکہ طالبان کو ڈرون حملوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے طالبان سے مذاکرات کے اعلان کے بعد ڈرون حملے بند ہوگئے لیکن طالبان اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں،وفاقی وزیر نے کہاکہ ایف سی اہلکاروں اورکراچی پولیس کے جوانوں کی لاشوں پر امن کا محل کھڑانہیں کیاجاسکتا،خرم دستگیرنے کہاکہ طالبان کے لیے حکومت کی جانب سے مذاکرات کا دروازہ کھلاہے ،پاکستانی شہریوں کے جان ومال کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہاکہ ہمیں طالبان کو بیرونی فنڈنگ سے روکنا ہوگا،اپنی سرحدوں کو محفوظ بناناہوگا۔