پولیس ملازمین مظلوم کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کیلئے دیانتدارانہ انداز میں اپنی تمام تر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ‘ گورنر پنجاب ،بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں غریب اور عام آدمی کو انصاف ملنا مشکل ہے ،ایسی صورت حال میں جرائم میں اضافہ ہوتا ہے ،پولیس کے شہدا کے خاندانوں کیلئے عنقریب گورنر ہاؤس میں تقریب منعقد کی جائے گی‘ چوہدری محمد سرور کا پولیس لائنز میں خطاب

منگل 25 فروری 2014 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25 فروری ۔2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین مظلوم کو بلا امتیاز انصاف اوردادرسی کی فراہمی کے لئے دیانتدارانہ انداز میں اپنی تمام تر پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں کیونکہ عدل وانصاف کے بہتر نظام سے ہی قومی ترقی کی بنیادیں مضبوط ہوتی ہیں۔انہوں نے یہ بات پولیس لائنز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں غریب اور عام آدمی کو انصاف ملنا مشکل ہے اورایسی صورت حال میں جرائم میں اضافہ ہوتا ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ قانون کی حکمرانی قائم کرتے ہوئے مجرم سزا سے نہیں بچنے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس کی طر ف سے اعلیٰ پیشہ وارانہ کارکردگی کے حامل افسران وملازمین کی خدمات کے اعزاز میں انعامات کے ذریعے حوصلہ افزائی کرنے پر ضلعی پولیس کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہاں احتسابی عمل جاری ہے وہاں اعلیٰ کارکردگی پر ستائش بھی ضروری ہے تاکہ صحت مند مقابلے کے ماحول میں ہر ملازم بہتری کی طرف گامزن ہوسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشت گردوں اورجرائم پیشہ افراد کے خلاف نبردآزما ہوکر اپنی جانوں کا نذانہ پیش کرنے والے پولیس کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے ہمیشہ فرنٹ لائن فورس کاکردار ادا کیا ہے اور محرم الحرام سمیت دیگر مواقعوں پر امن وامان کی صورتحال قائم رکھنے کے سلسلے میں طویل ڈیوٹیز دیکراحسن انداز میں اپنافرض نبھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بے شمار قربانیوں سے حاصل کیاگیا ہے اس کے تحفظ،استحکام اور خوشحالی کے لئے محکمانہ محنت تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے شہدا کے خاندانوں کے لئے عنقریب گورنر ہاؤس میں بھی تقریب منعقد کی جائے گی ۔انہوں نے گزشتہ سالوں میں فرائض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ملازمین کو شہدا پیکج سے امداد کے لئے اہل قرار دینے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب سے بات کرنے کا یقین دلاتے ہوئے فیصل آباد کے پولیس ویلفےئر پراجیکٹ کوبے حد سراہا۔آر پی او نواز وڑائچ نے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پولیس محدود وسائل کے باوجودکسی بھی ہنگامی صورت حال کا جانفشانی سے مقابلہ کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بددیانت،غفلت شعار اوراختیارات سے تجاوز کرنے والے پولیس ملازمین کو محکمانہ سزاؤں کے ساتھ ساتھ جرائم پرقابو پانے کے لئے جرات وبہادری اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈزدینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انہوں نے ایوارڈ تقسیم کرنے کی اہم تقریب میں شرکت پرگورنر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد سے ملازمین کا مورال بلند ہواہے۔

اس سے قبل سی پی او ڈاکٹر حیدراشرف نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے پولیس ملازمین کی بہبود کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ پولیس میں کالی بھیڑوں کا احتساب اورغیر معمولی کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات دئیے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ملازمین کے علاج معالجہ کے لئے الائیڈ ہسپتال میں الگ وارڈ قائم کرنے کے علاوہ کمبائینڈ پولیس ہسپتال کا منصوبہ بھی تجویز کیا گیا ہے جبکہ پولیس شہدا کی یادگاربھی تعمیر کی جارہی ہے جس کے لئے جنرل بس سٹینڈ کے قریب قیمتی اراضی فراہم کرنے پر ڈی سی او نورالامین مینگل کے شکرگزار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ پولیس شہدا کے خاندانوں کے اعزاز میں تقریب منعقد کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں وسائل کی کمی کے باوجود نہ صرف پولیس بڑے بڑے چیلنجز کاکامیابی سے مقابلہ کررہی ہے بلکہ کمپیوٹرریکارڈ آفس سمیت ایس ایم ایس سسٹم متعارف اورمحکمانہ کام میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے جدت لائی جارہی ہے۔بعدازاں گورنر پنجاب اور ارکان اسمبلی،چیمبر آف کامرس وبارایسوسی ایشن کے علاوہ پرنسپل پنجاب میڈیکل کالج نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بہترین کارکردگی کے حامل ایس پی،ایچ اوز،تفتیشی افسران اوردیگر ملازمین میں انعامات تقسیم کئے اورگورنر پنجاب نے کمپیوٹر ریکارڈ روم کا بھی افتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :