میاں افتخار حسین کی ایرانی قونصلیٹ کے نزدیک ایف سی چیک پوسٹ پر خودکش بم دھماکے کی شدید مذمت

منگل 25 فروری 2014 16:25

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین نے ایران قونصلیٹ کے نزدیک ایف سی چیک پوسٹ پر خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خود کش حملہ آور کا ٹارگٹ درحقیت ایرانی قونصلیٹ ہی تھا لیکن سیکیورٹی اہلکاروں کے آگے جانے سے روکنے پر خود کش حملہ آور نے چیک پوسٹ ہی پر اپنے آپ کو اُڑا دیا۔

اُنہوں نے خودکش دھماکے میں ایف سی کے شہید جوانوں کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی اور دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم ایف سی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی پشت پر کھڑی ہے ان کے ارادے مضبوط اور حوصلے بلند ہیں اور ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ان کے حوصلوں کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اس طرح کے حملوں سے دہشتگرد یہ تاثر دے رہے ہیں کہ ملک کی سیکیورٹی ادارے ملک کی حفاظت نہیں کر سکتے اور چونکہ اُنہوں نے ایران قونصیلیٹ کے نزدیک خودکش حملہ کر کے یہ بھی ایک تاثر دیا ہے کہ پاکستان میں غیر ملکی سفارتخانے محفوظ نہیں اور دُنیا میں یہ ملک کیلئے بدنامی کا باعث بنے لیکن یہ اُن کی بھول ہے کیونکہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کے حوصلے جوان ہیں اور اُن کی پشت پر قوم کھڑی ہے۔

قوم اور سیکیورٹی ادارے مشترکہ طور پر دہشتگردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور ان کے گھناوٴنے عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔اے این پی کے رہنما نے ایران قونصل جنرل سے بھی ٹیلیفون پر اُن کی خیریت دریافت کرتے ہوئے اُن کی حوصلہ افزائی کی۔ ایران قونصلر جنرل نے اُن سے بات چیت کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف اے این پی کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی نے ہمیں بشیر احمد بلور جیسے بہادر اور نڈر لیڈر اور میاں راشد حسین جیسے نوجوان سے محروم کر دیا ہماری دُعا ہے کہ پاکستان کو دہشتگردی کی اس لعنت سے چھٹکارا مل جائے۔

متعلقہ عنوان :