لاہورچیمبر نے تاجر برادری کے مفاد ،جی ایس پی پلس سٹیٹس سے بھرپور استفادہ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے

منگل 25 فروری 2014 16:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء )تاجر برادری کے بہترین مفاد کے پیش نظر اور جی ایس پی پلس سٹیٹس کے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے جس سے پاکستانی مصنوعات کو یورپین یونین کے اراکین 27 ممالک میں متعارف کرانے میں بھی مدد ملے گی۔ مفاہمتی یاداشت پر لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری اور احمد محمود جوئیہ نے دستخط کئے اس موقع پر تاجروں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

مفاہمتی یادداشت کی رو سے احمد محمود جوئیہ کو ڈیٹا مہیا کیا جائیگا جس کی مدد سے وہ پاکستانی تاجروں کو مواقعوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے میں مدد دیں گے اور لاہور چیمبر کے اعزازی جی ایس پی پلس ایڈوائزر کا کردار ادا کرینگے۔

(جاری ہے)

یورپین یونین مارکیٹ میں موجود تجارتی مواقعوں کو اُجاگر کرنے کیلئے دونوں اطراف ورکشاپس، سیمینارز اور مذاکروں کا اہتمام بھی کرینگے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت لاہور چیمبر کی اُن کاوشوں کا حصہ ہے جو وہ جی ایس پی پلس سٹیٹس سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے کیلئے کررہا ہے۔ انہوں نے اس سٹیٹس کے حصول کیلئے حکومت کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے حکومت کو موزوں ماحول پیدا کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔