غیر تربیت یافتہ نوجوانوں کو تربیت ،باعزت روزگارکی فراہمی کیلئے سالانہ 75 ارب روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں،انور بیگ

منگل 25 فروری 2014 16:07

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25فروری 2014ء)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے چیئرمین انور بیگ نے کہا ہے کہ غیر تربیت یافتہ نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی اورباعزت روزگارفراہم کرنے کیلئے سالانہ 75 ارب روپے کے فنڈز رکھے گئے ہیں جس سے پاکستان کی صنعتوں میں ہنرمند افرادی قوت کے تقاضے کوپوراکیا جاسکتا ہے۔انہوں نے یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈانڈسٹری میں بی آئی ایس پی اور کورنگی ایسوسی ایشن کے مابین مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کئے جانے کی تقریب کے موقع پرکہی ۔

انوربیگ نے کہا کہ وسیلہ روزگار کامقصدمستحق مرد اورخواتین کو تربیت مہیا کرناہے جس سے صنعت کیلئے تربیت یافتہ لیبرفراہم ہوسکے گی ۔انہوں نے کہا کہ اہم مقاصد میں بی آئی ایس پی کے پیشہ وارانہ تربیت یافتہ افرادکو روزگار فراہم کرتے ہوئے انہیں غربت سے نکالنا ، صنعت کے لئے تربیت یافتہ لیبر مہیا کرنا، مختلف تجارتی شعبوں میں ہنرمندانہ افرادی قوت کی کمی کو کم کرنا اور ایک پائیدار ذریعہ معاش کے سلسلے میں خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انوربیگ نے کہا کہ بی آئی ایس پی اپنے پیشہ وارانہ تربیتی پروگرام وسیلہ روزگار کے تحت منتخب کردہ مستحقین کو نجی و سرکاری تربیتی اداروں کی مدد سے مختلف تجارتی شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت فراہم کر رہا ہے، جس کے تحت مستحقین میں ہنر پیدا کرنا ہے جو انہیں اس قابل بنائیں کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوکر اپنے خاندان کو غربت کی دلدل سے باہر نکال سکیں۔

اس موقع پر ایس ایم منیر نے کہا کہ ملک میں تربیت یافتہ افراد کی کمی کوپوراکرنے کیلئے جوبھی اقداما ت کیے جائینگے تاجروصنعتکاربرادری بھرپورکرداراداکریگی، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جدید تقاضوں کومدنظررکھتے ہوئے مرد وخواتین کوتربیت فراہم کی جائے تاکہ بیرونی ممالک میں بھی پاکستانی لیبر کی موجودکھپت کوپوراکیا جاسکے ۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت وسیلہ روزگار میں وکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے ہی تربیت فراہم کرتے ہوئے فیکٹریوں اورکارخانوں سمیت صنعتوں میں ورکرز فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی غربت اوربیروزگاری کے خاتمے کیلئے نجی شعبہ اپنا بھرپورکرداراداکررہاہے لیکن غیر تربیت یافتہ افراد کو روزگارکی فراہمی میں مشکلات کاسامنارہتا ہے اور تربیت یافتہ افرادکوروزگاری کی فراہمی میں کسی دشواری کاسامنا نہیں کرناپڑتا ۔کورنگی ایسوسی ایشن کے صدر سید فرخ مظہرنے کہا کہ کورنگی ایسوسی ایشن برائے صنعت و تجارت نے بی آئی ایس پی کے وسیلہ روزگار کے کامیاب ترین تربیت یافتہ افرادکو اپنے صنعتی اداروں میں روزگار فراہم کرنے اور بی آئی ایس پی کے غیر تربیت یافتہ مستحقین کو ملازمت کے لئے تربیت دینے کی پیش کش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورنگی ایسوسی ایشن مارکیٹ میں ملازمت کی ضروریات کا تعین کرے گا اس کے ساتھ ساتھ بی آئی ایس پی مستحقین کو ہنرمندانہ تربیت اور کورنگی ایسوسی ایشن برائے صنعت و تجارت کی جانب سے انہیں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق روزگار فراہم کرنے کی یقین دہانی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تربیت کے دورانیہ چھ ماہ پر مشتمل ہوگا اور بی آئی ایس پی ملازمت کی تربیت کے دوران مستحقین یا اس کے نامزدہ کرہ فرد کو چھ ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیگا۔