ترقیاتی منصوبوں پرکام مقررہ مدت میں مکمل کیاجائے، نواز شریف، منصوبوں کیلئے افرادی قوت کا استعمال میرٹ پر کیا جائے، وزیراعظم کا اعلی سطحی اجلاس سے خطاب

پیر 24 فروری 2014 23:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوامی اہمیت کے حامل ترقیاتی منصوبوں کو جاری رکھا جائے اور ان پر مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جائے۔ انہوں نے یہ ہدایات پیر کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے جائزہ سے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے ہدایت کی ایسے منصوبے جو نامناسب منصوبہ بندی سے بنائے گئے اور زیادہ عوامی مفاد کے حامل ہیں جلد از جلد مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے گزشتہ چند سالوں میں بعض ترقیاتی منصوبوں پر کم عملدرآمد پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تاخیر حکومتی ترقیاتی ایجنڈا کے منافی ہے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ اہم وزارتوں اور بڑے منصوبوں میں بہترین انسانی وسائل مختص کئے جائیں تاکہ ان منصوبوں کی بروقت اور موثر تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کسی اقرباء پروری کے بغیر منصوبوں کیلئے افرادی قوت کا استعمال میرٹ پر کیا جائے۔ انہوں نے منصوبہ بندی ڈویژن کو ہدایت کی کہ مارکیٹ شرح پر مبنی ان ملازمین کیلئے مناسب اجرت کا طریقہ کار وضع کیا جائے جو موثر کارکردگی اور نتائج دکھا رہے ہیں۔ پراجیکٹ پروکیورمنٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیسرے آزادانہ فریق آڈیٹر کے ذریعے پروکیورمنٹ کا جائزہ لیا جائے اور شفاف عمل کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم نے وزارت منصوبہ بندی کو ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی کا جامع جائزہ لیا جائے اور نتائج کی رپورٹ دی جائے۔ اجلاس میں وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال خان، سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، سیکرٹری پلاننگ و منصوبہ بندی حسن نواز تارڑ اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :