پاکستان کرکٹ بورڈ الیون اور کامن ویلتھ الیون کے درمیان سیدپور کرکٹ گراؤنڈ میں نمائشی میچ کا انعقاد، پی سی بی الیون نے دو رنز سے میچ جیت لیا، وزیر داخلہ 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے،بعض عناصر چاہتے ہیں پاکستانی کرکٹ گراؤنڈ میں کوئی میچ نہ کھیلا جائے ان کے عزائم ناکام ہوں گے،چوہدری نثار

پیر 24 فروری 2014 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لئے تمام کوششیں کرے گی۔ پیر کو سیدپور کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان کرکٹ بورڈ الیون اور کامن ویلتھ الیون کے درمیان ایک نمائشی میچ کے دوران اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ کا مقصد عالمی برادری کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر چاہتے ہیں کہ پاکستانی کرکٹ گراؤنڈ میں کوئی میچ نہ کھیلا جائے تاہم ان کے یہ عزائم ناکام ہوں گے اور کھیلوں کے ایسے پروگرامز کے انعقاد کے ذریعے ملک کے بہتر تشخص کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میچ ایک اچھے مقصد کے لئے کھیلا گیا اور دنیا کو بتایا گیا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میچ کے انعقاد پر آسٹریلین ہائی کمیشن‘ یورپی یونین اور روٹس میلینیم سکولوں سے اظہار تشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم اس کے باوجود شہری کرکٹ میچ دیکھنے کے لئے کھیلوں کے میدانوں میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ایک شاندار دن ہے‘ میں پاکستانی کرکٹ کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو ہمارے ہیرو ہیں۔ وہ جب بھی دنیا میں کہیں کھیلتے ہیں تو پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ الیون کے ایک رکن کی حیثیت سے کھیلتے ہوئے 28 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انہوں نے دو اوور بھی کرائے۔ شائقین اور سفارتکاروں نے وزیر داخلہ کے کرکٹ کھیلنے کی داد دی۔ پی سی بی الیون نے دو رنز سے میچ جیت لیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار نے کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے لئے ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ ایک سفارتکار نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان میں سپورٹس کلچر اور آرٹ کے فروغ کا تہیہ کر رکھا ہے۔ کامن ویلتھ الیون کی قیادت آسٹریلین ہائی کمشنر پیٹر ہیو ہارڈ نے کی جبکہ پی سی بی الیون میں کرکٹ کے معروف کھلاڑی عمر اکمل‘ وہاب ریاض‘ سہیل تنویر‘ عبدالقادر‘ اظہر علی‘ سرفراز نواز‘ انتخاب عالم اور اعجاز احمد شامل تھے۔