مذاکرات میں پیدا کردہ ڈیڈلاک ختم کرنے کیلئے تیار ہیں، ترجمان طالبان

پیر 24 فروری 2014 21:58

میرانشاہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24فروری۔2014ء) تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کہا ہے کہ ہم امن مذاکرات میں پیدا کردہ ڈیڈلاک ختم کرنے کے لئے تیار ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی سے نامعلوم مقام سے بات کرتے ہوئے شاہد اللہ شاہد نے کہا کہ طالبان امن مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن حکومت مذاکرات کے لیے مخلص نظر نہیں آرہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کی کرکٹ میچ کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کرکٹ کے سخت خلاف اور اس کھیل کو ناپسند کرتے ہیں کیونکہ ملک کا سیکولر طبقہ اس کے ذریعے نوجوانوں کو جہاد اور اسلام سے دور کرنا چاہتا ہے۔واضح رہے کہ چوہدری نثار نے آج اسلام آباد میں پی سی بی الیون اور دولت مشترکہ کی ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ میں شرکت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ کئی طالبان کرکٹ کا شوق رکھتے ہیں اور سنا ہے کہ وہ پاکستان کے میچز بھی بڑے شوق سے دیکھتے ہیں اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ اگر طالبان کے ساتھ ایک میچ ہوجائے تو اس کا اچھا نتیجہ نکلے گا۔