پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ایران پر عالمی پابندیوں کی وجہ سے کوئی پیش رفت نہیں ہورہی ،شاہدخاقان عباسی، پاکستان نے ایران کوآگاہ کردیا ہے، ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے پر یہ منصوبہ 36ماہ میں مکمل ہوگا ،قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرپٹرولیم کاجواب

پیر 24 فروری 2014 21:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) وفاقی وزیرپٹرولیم وقدرتی وسائل شاہدخاقان عباسی نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ایران پر عالمی پابندیوں کی وجہ سے کوئی پیش رفت نہیں ہورہی اس حوالے سے پاکستان نے ایران کو بھی آگاہ کردیا ہے ایران پر عالمی پابندیاں ختم ہونے پر یہ منصوبہ 36ماہ میں مکمل ہوگا ۔

پیر کو وقفہ سوالات کے دوران عبدالوسیم کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ پٹرول لیوی کوئی ڈھکا چھپا ٹیکس نہیں ہے بجٹ دستاویزات میں موجود ہے رواں مالی سال میں حکومت نے18 ارب روپے کاعوام کو اضافی ریلیف دیا ہے ا نہوں نے بتایا کہ اس وقت حکومت کی جانب سے پٹرولیم لیوی 9 روپے 40 پیسے فی لٹر اور جی ایس ٹی17 فیصد وصول کیاجارہا ہے پٹرولیم ڈیلرز کامنافع دو روپے 78 پیسے فی لٹر مقرر ہے ایک سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ اس وقت10 ملین بیرل سے زائد قابل دریافت تیل کے 10 بڑے ذخائر ملک میں ہیں اورملک بھرمیں تیل وگیس کی تلاش کیلئے53 کمپنیوں کے پاس لائسنس موجود ہیں حکومت سی ای اینڈ پی کمپنیوں کو مزید30بلاک دے گی انہوں نے بتایا کہ بعض علاقوں میں امن وامان کے مسائل ہیں حکومت تیل وگیس تلاش کرنیوالی کمپنیوں کیلئے ملک میں کام کے محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے کوششیں کررہی ہے پروین مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ ملک میں نئی کاروں میں سی این جی سلنڈر کی تنصیب بند کردی گئی ہے حکومت نے گاڑیوں کو گیس پرمنتقل کرنے کی حوصلہ شکنی کیلئے سی این جی سلنڈر اورکٹس کی درآمد پر پابندی عائد کی ہے جو کہ عارضی ہے انہوں نے بتایا کہ سی این جی کی حامل پبلک ٹرانسپورٹ اس عارضی پابندی سے مستثنیٰ ہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اس وقت کوئی بھی ریفائنری حکومت کی ملکیت نہیں ہے تاہم کچھ ریفائنریوں میں حکومت کے شیئر موجود ہیں حکومت کوئی ریفائنری لگانے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

(جاری ہے)

سید افضل حسنین کے سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ اس وقت ملک میں10 دن کی فروخت کیلئے 110,658 ایم ٹی ذخیرہ موجود ہے جولائی2013ء ایم ٹی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاک ایران گیس معاہدہ2013ء میں ہوا تھا اس کے بعد کوئی کام نہیں ہوا ایران پر گیس لینا بین الاقوامی پابندیوں کی زد میں ہے اس حوالے سے ہم نے ایرانی حکومت کو آگاہ کردیا ہے جب ایران پرپابندی ختم ہوگی تواس کے بعد تقریباً تین سال اس منصوبے کی تکمیل کیلئے درکار ہونگے ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سیال قدرتی گیس کی درآمد کیلئے ابھی تک کسی کو ٹھیکہ نہیں دیا گیا یہ ٹھیکہ حکومت پاکستان اورقطر کی حکومتوں کی نامزد کردہ کمیٹیوں کے درمیان طے پارہا ہے اس حوالے سے قطر حکومت سے مذاکرات آخری مراحل میں ہیں پیپرا رولڈ کے مطابق حکومت پاکستان قطر حکومت سے معاہدہ کررہی ہے انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں یورنٹی آف پٹرولیم ایجوکیشن قائم کی جائے اس وقت مختلف نجی اداروں سے لوگ فنی تربیت حاصل کرکے بیرون ملک ملازمت کررہے ہیں۔

وزیرمملکت شیخ آفتاب نے بتایا کہ عام انتخابات کے دوران تمام پولنگ سٹیشنوں پرمقناطیسی سیاہی استعمال کی گئی اوراس مقصد کیلئے 4لاکھ45ہزار334پیڈ پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ لیبارٹری کراچی سے تیار کروائے گئے جونادرا نے اس مقصد کیلئے تجویز کیاتھا شیخ صلاح الدین کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے بتایا کہ موٹروے پولیس اپنا کردار احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہے اور وہ خلاف ورزیوں پرسختی سے قابو پارہی ہے سال2013ء کے دوران ضرورت سے زائد بوجھ پر2 لاکھ69 ہزار313تیز رفتاری پر3لاکھ 83ہزار866اورغیرتربیت ہونے پر54ہزار435چالان کئے گئے شاہدہ رحمانی کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے بتایا کہ لیاری ایکسپریس پر80 فیصد کامکمل ہوچکا ہے پراجیکٹ میں تاخیر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی کی جانب سے رائٹ آف وے حاصل نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی ہے حالانکہ حصول اراضی کی لاگت حکومت سندھ کومنتقل ہوچکی ہے نعیمہ کشور خان نے بتایا کہ اسلام آباد پشاو ر موٹروے پر3مساجدموجود ہیں اس سڑک پر سفر کاٹوٹل دورانیہ ایک گھنٹہ20منٹ ہے اورمیراخیال ہے کہ ان تین مساجد کی موجودگی میں کسی کی نماز قضا نہیں ہوتی ہوگی ایک سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے بتایا کہ سندھ میں سڑکوں کاکوئی نیامنصوبہ شروع کرنے کی بجائے ہماری کوشش ہے کہ پہلے سے جاری منصوبے مکمل کئے جائیں ایک سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم نے بتایا کہ ترقیاتی سکیموں کو مکمل کیاجارہا ہے سکیموں کاافتتاحی وہی کرے گاجو فنڈز مہیاکریگا انہوں نے بتایا کہ2010ء تک دی گئی تمام درخواست گزاروں کو گیس کنکشن مہیا کردیئے گئے ہیں جبکہ بعض شہروں میں 2013ء تک درخواست دینے والوں کو بھی کنکشن دیئے گئے ہیں25 ہزار روپے ارجنٹ فیس کے ساتھ کنکشن کی فراہمی کو ایک تجویز اوگرا کو بھیجنی ہے جس پر فیصلہ آتے ہی سکیم کااجرا کردیاجائیگا ایک سوال کے جواب میں وزیرپٹرولیم نے بتایا کہ سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستان کو کوئی مفت تیل فراہم نہیں کیا اورنہ اب کررہاہے۔