مارگلہ ہلز میں جاری سٹون کریشرز کی خلافِ قانون کاروائیاں توہین عدالت کے ضمرے میں آتی ہیں‘ سینیٹر مشاہد حسین سید ،گزشتہ برس پریشر ہارن اور دھواں چھوڑنے والی4393ماحول دشمن گاڑیوں کا چالان کیا گیا، سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے ماحولیات کو بریفنگ،اگلے ماہ انوائرمنٹ میڈیا ورکشاپ کے انعقاد کا اعلان، صحافیوں کو انگریزی اور اردو زبان میں معلوماتی کتابچہ فراہم کیا جائیگا‘ اجلاس سے خطاب

پیر 24 فروری 2014 20:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) سینیٹر مشاہد حسین سید نے کلائمیٹ چینج منسٹری کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحول اور ماحولیاتی تغیرات سے متعلقہ معاملات قومی اور علاقائی سطع پر نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ وہ سینیٹ کی ذیلی کمیٹی برائے ماحولیات کے زیراہتمام پارلیمنٹ ہاوٴس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر سعیدہ اقبال، کلائمیٹ چینج منسٹری، سی ڈی اے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس سے وابستہ سینئر نمائندوں نے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

سینیٹر مشاہد حسین نے مارگلہ ہلز میں واقع پانچ غیرقانونی سٹون کریشرز کی موجودگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے25اکتوبر2013ء کے واضح احکامات کی روشنی میں ایسی تمام خلاف ِقانون کاروائیاں توہینِ عدالت کے ضمرے میں آتی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے سی ڈے اے کی جانب سے غیرقانونی سٹون کریشرز کا این او سی معطل کرنے کے اقدام کو سراہا اور اسلام آباد انتظامیہ کو اگلے سیشن میں طلب کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے تحریری جواب داخل کرانے کی ہدایات جاری کیں۔

سینیٹر مشاہد حسین نے اسلام آباد گرین موومنٹ سمیت سول سوسائٹی اور میڈیا کو اپنا کردار ادا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ درختوں کی غیرقانونی کٹائی کی حوصلہ شکنی کی جانی چاہیے ۔۔انہوں نے سی ڈے اے کے زیراہتمام گرین اینڈ کلین آگاہی مہم کے تحت 27 فروری کو ہونے والی تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء نے سی ڈی اے ، اسلام آباد انتظامیہ اور پنجاب حکومت کی جانب سے ماحول دشمن عناصر کیلئے خلاف مشترکہ آپریشن کی ضرورت پر زور دیا گیا جبکہ اگلے اجلاس میں پلاسٹک بیگز کے متبادل کی فراہمی پر تجاویز پر غور کیا جائے گا۔

انہوں نے کلائمیٹ چینج ڈیوژن کی خدمات کو سراہتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف فاریسٹ سید محمود ناصر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔سینیٹر مشاہد حسین نے میڈیا کے کلیدی کردار کو مدنظر رکھتے ہوئے 10مارچ کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں میڈیا ورکشاپ کا انعقاد کرانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس موقع پر اینوائرمنٹ جرنلسٹس کیلئے انگریزی اور اردو زبان میں معلوماتی کتابچہ فراہم کیا جائے گا۔

سی ڈی اے نے ماحولیاتی ہاٹ لائن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پچھلے دو ہفتوں میں 115شکایات کا اندراج کیا گیا جس میں سے 113 فون کالز کا جواب دیا گیا۔ سی ڈے اے نے شہریوں کی سہولت کیلئے کوڑا کرکٹ پھینکنے کیلئے بس سٹاپس اور دیگر عوامی مقامات پرگاربیج کینز کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں،اسلام آباد ٹریفک پولیس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برس 4393گاڑیوں کاپریشر ہارن اور دھواں چھوڑنے کی بناء پرچالان کیا گیا جبکہ رواں برس میں اب تک 927 گاڑیوں کا جرمانہ کیا جاچکا ہے۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ کلائمیٹ چینج ڈیوژن کے تعاون سے گاڑیوں کی انسپکشن فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے تعطل کا شکار ہے جس پر سینیٹر مشاہد حسین نے فنڈز 2014 کے بجٹ میں مختص کرانے کی تلقین کی۔

متعلقہ عنوان :