سندھ اسمبلی ، مختلف اضلاع میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر تحریک بحث کے لیے منظور ، تحریک اپوزیشن لیڈر سید فیصل علی سبزواری اور پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے پیش کی تھی

پیر 24 فروری 2014 20:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) سندھ اسمبلی نے پیر کو صوبے کے مختلف اضلاع میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورت حال پر ایک تحریک بحث کے لیے منظور کرلی لیکن بحث کے لیے دن کا تعین بعد میں کیا جائے گا ۔ یہ تحریک اپوزیشن لیڈر سید فیصل علی سبزواری اور پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نصرت سحر عباسی نے پیش کی تھیں ۔ قبل ازیں ایم کیو ایم کے رکن اشفاق احمد منگی اور دیگر کی تحریک التواء کی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر سکندر میندھرو نے مخالفت کی اور کہا کہ یہ خلاف ضابطہ ہے ۔

(جاری ہے)

تحریک التواء میں کہا گیا تھا کہ خیر پور میں اغواء ہونے والے افراد ابھی تک بازیاب نہیں ہوئے اور وہاں کے باشندے سڑکوں پر احتجاج کرنے کے لیے مجبور ہوگئے ہیں ۔ ڈاکٹر سکندر میندھرو نے کہا کہ ہم اعتراف کرتے ہیں کہ امن وامان کی صورت حال خراب ہے اور اس پر بحث ہونی چاہئے لیکن تحریک التواء ضابطے کے مطابق لائی جائے ۔ تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (فنکشنل) کی خاتون رکن نے امن وامان کی خراب صورت حال پر ایک تحریک پیش کی ، جسے ایوان سے بحث کے لیے منظور کرلیا ۔