تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو 94روز مکمل،افغانستان جانیوالے 4کنٹینرز واپس،متعدد کو تصدیق نہ ہونے تک روکے رکھا گیا

پیر 24 فروری 2014 20:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کو 94 روز مکمل ہو گئے ۔پیر کو دھرنے کے 94ویں روز انصاف یوتھ ونگ کے نوجوانوں نے صوبائی صدر سجاد فیاض،جنرل سیکرٹری ناصر اقبال ،ضلعی صدر سجاد بنگش،محسن رضااکا خیل ،بابائے دھرنا فیاض خلیل و دیگر رہنماؤں کی قیادت میں دھرنا دیا۔کارکنان نے اس موقع پر مشکوک کاغذات پر افغانستا ن جانے کی کوشش کرنیوالے 4کنٹینرز کو واپس کر دیا جبکہ تمام گاڑیوں کے کاغذات بھی چیک کرتے رہے ۔

اس موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ ونگ کے رہنماؤں نے کہا کہ امریکی افواج یا نیٹو کیلئے سامان لیجانیوالی کسی گاڑی کو سرحد کراس نہیں کرنے دینگے۔انھوں نے کہا کہ آج تمام بڑی گاڑیوں کے کاغذات حسب معمول چیک کرتے رہے اور متعدد مشکوک گاڑیوں کو تصدیق نہ ہونے تک روکے رکھا گیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ تحریک انصا ف کا ڈرون حملوں کیخلاف دھرنا اس وقت تک جاری رہیگا جب تک امریکہ ڈرون حملے مکمل بند کرنے کی یقین دہانی نہ کروا دے۔

انھوں نے شمالی وزیرستان میں ڈرون طیاروں کی بڑی تعداد میں پروازوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈرون طیاروں کی پروازیں روکنے کیلئے فی الفور اقدامات اٹھائے۔اگر موجودہ وقت میں ڈرون حملہ ہوا تو نہ صرف امن عمل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے بلکہ یہ اس بات کا ثبوت ہو گا کہ حملے وفاقی حکومت کی مرضی سے ہوتے ہیں۔کارکنان نے اس موقع پر ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی پرچم نظر آتش کیا اور شدید نعرے بازی بھی کی۔