پاک بھارت مقابلے،مردوں کی کبڈی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دوسرا مرحلہ شروع ،قومی ٹیم کے کھلاڑی اچھی فارم میں ہیں ، پریکٹس میچ میں غلطیوں کی نشاندہی کی جارہی ہے‘ ہیڈ کوچ غلام عباس

پیر 24 فروری 2014 20:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 فروری ۔2014ء) پاک بھارت پنجاب روایتی کھیلوں کے ٹاکرے کے لیے پاکستانی پنجاب کے کھلاڑیوں نے تیاریوں تیز کر دیں ،قومی مردوں کی کبڈی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے ۔ پنجاب سٹیڈیم میں جاری کبڈی کے کیمپ میں ہیڈ کوچ غلام عباس بٹ کی نگرانی میں مردوں کی ٹیم میں بابر گجر، لالہ عبید اللہ ، شفیق چشتی ، شہزاد احمد ڈوگر، خالد مہر، سیف اللہ ، مطلوب احمد ، ایم رضوان ، وقاص گجر ، محسن نسیم ، اور خالد احمد تربیت حاصل کر رہے ہیں ۔

کوچ غلام عباس بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی مکمل فٹ اور فارم میں ہیں، کھلاڑی دو سیشنز میں ٹریننگ کررہے ہیں جبکہ آپس میں پریکٹس میچ کھیل کر غلطیوں کی نشاندہی بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ لالہ عبید اللہ اور بابر گجر سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں جبکہ ٹیم کے جاپھی کھلاڑی بھی بھارتی کھلاڑیوں کو قابو کرنے کیلئے بھرپور پریکٹس کررہے ہیں۔

پاک بھارت کبڈمی مقابلے میں خواتین کھلاڑی بھی اس بار نئے روپ میں نظر آئیں گی ، ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں قومی خواتین کی ٹیم سیمی فائنل میں شکست کھا گئی تاہم ہوم گراؤنڈ میں خواتین کھلاڑی بھارتی ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگی۔دوسری جانب پنجاب سٹیڈیم کی حدود میں ہی رسہ کشی کے کھلاڑی بھی تربیت حاصل کر رہے ہیں انڈو پاک پنجاب کھیلوں کے آرگنائزنگ سیکرٹری اور کیمپ کمانڈنٹ وقاص اکبر کے مطابق انڈو پاک پنجاب کبڈی ، میٹ ریسلنگ ، اور رسہ کشی کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔

پاکستانی پنجاب کے کھلاڑیوں نے بھرپور تیاری کی ہے اور شائقین کو ان مقابلوں سے بھرپور تفریح فراہم کی جائے گی بھارتی کھلاڑی یکم مارچ کو واہگہ کے راستے لاہور پہنچیں گے اور اسی شام پنجاب یوتھ فیسٹیول کی گرینڈ اوپننگ میں حصہ بھی لیں گے ۔

متعلقہ عنوان :