بلائنڈ کرکٹ، بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز بھی پاکستان کے نام

پیر 24 فروری 2014 17:35

بلائنڈ کرکٹ، بھارت کیخلاف ون ڈے سیریز بھی پاکستان کے نام

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2014ء) پاکستان نے بھارت کو4 وکٹ سے شکست دے کر بلائنڈ ون ڈے کرکٹ سیریز 2-1 سے جیت لی، محمد ماجد اور ناصر علی کی جارحانہ بیٹنگ اور ساجد نواز کی عمدہ بولنگ نے میزبان ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، آل رائونڈ کھیل پیش کرنے والے کیتن بھٹ پٹیل کی سنچری مہمان ٹیم کے کام نہ آسکی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم پر پاک بھارت بلائنڈ ون ڈے کرکٹ سیریز کے تیسرے اور آخری فیصلہ کن میچ میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے میں آیا، مہمان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ40 اوورز میں9 وکٹ پر365 رنز جوڑے ، بھارتی کرکٹر کیتن پٹیل نے سیریز میں دوسری سنچری جڑی، انھوں نے 79 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے118رنز بنائے،وینکٹیش رائو نے50رنزبنانے کیلیے 33 گیندوں کا سامنا کیا، ہنو مان پونیا 43، سکھرم ماجھی 42 اورجعفر اقبال20 رنزبناکر نمایاں رہے، ساجد نواز نے 3جبکہ ادریس سلیم نے2 وکٹیں لیں، پاکستان نے 37.4اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل چھ وکٹ گنواکرحاصل کرلیا، محمد جمیل86 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، انھوں نے53 گیندوں کا سامنا کیا اور13چوکے لگائے، ناصر علی نے 41 گیندوں پر14 چوکوں کی مدد سے83 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔

(جاری ہے)

محمد اکرم نے33 اورعامر اشفاق نے32 رنز اسکور کیے، کیتن بھٹ نے2وکٹیں اپنے نام کیں اور نثار علی کے ہمراہ مشترکہ میں آف دی میچ قرار پائے، پاکستان نے وننگ ٹرافی کے ساتھ 1 لاکھ روپے جبکہ بھارت نے رنر اپ ٹرافی کے ہمراہ 50 ہزار کا کیش ایوارڈ پایا، مین آف دی سیریز کے 3 درجات میں کیتن پٹیل، نثار علی اور محمد جمیل 20،20 ہزار روپے انعام کے حقدار بنے ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے بطور ستائش فاتح ٹیم کو1 لاکھ اور بھارتی ٹیم کو50ہزار روپے پیش کیے گئے،تقریب تقسیم انعامات کی مہمان خصو صی سندھ کی وزیر ثقافت شرمیلا فاروقی نے انعامات تقسیم کیے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر تاج حیدر،کمشنر کراچی شعیب صدیقی، ڈپٹی کمشنر ایسٹ سمیع الدین صدیقی، ورلڈ بلائنڈ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :