حساس اداروں نے ملک بھر میں آئندہ 48گھنٹوں کو حساس قرار دے دیا

پیر 24 فروری 2014 17:31

حساس اداروں نے ملک بھر میں آئندہ 48گھنٹوں کو حساس قرار دے دیا

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2014ء ) حساس اداروں نے ملک بھر میں آئندہ 48گھنٹوں کو حساس قرار دیا ہے کوئی بڑی کارروائی ہو سکتی ہے جبکہ کراچی کی ساحلی پٹی پر دہشت گردی کے خطرات کے باعث پولیس نےء سی ویو اور دودریا کی طرف جانے والے راستے بند کر دیئے رات گئے تک کھلنے والے ہوٹل اور ریسٹورنٹس کو بھی بند کرا دیا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں ملک بھر میںآ ئندہ 48گھنٹوں کو حساس ترین قرار دے دیا گیا ہے اور دہشت گردی کی کسی بڑی کارروائی سے بچنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

غیر ملکیوں ، اہم شخصیات یا حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی سازشوں کے متعلق آگاہ کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق معمول کی بنیاد پر جاری ہونے والے تھیٹ الرٹ سے ہٹ کر اس مراسلے کو اہمیت دی جائے اور متعدد اہم سیاستدانوں اور لیگی رہنماوٴں ،بیورو کریٹس اور پولیس افسروں کو بھی محتاط رہنے اور کم سے کم بقل و حرکت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ہنگانی الرٹ کو ملک کے چاروں صوبوں کیلئے جاری کیا گیا ہے اور پیر اور منگل کے دنوں کیلئے سیکو رٹی انتظامات کو ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی کی ساحلی پٹی پر دہشت گردی کے خدشات ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردی کے خدشات سے متعلق حساس ادارے کی رپورٹ کے بعد پولیس نے دو دریا اور سی ویو جانے والے راستے بند کر دیے ، تمام ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو بھی بند کروا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے آنیوالی رپورٹ کے بعد ساوٴتھ زون پولیس متحرک ہو گئی اور فوری طور پر دو دریا جانے والی سڑک کو بند کرنے کے بعد رات گئے تک کھلنے والی تمام ریسٹورنٹ کو بند کروا دیا گیا ۔

ایس ایس پی ساوٴتھ ناصر آفتاب نے بتایا کہ ایک حساس ادارے نے رپورٹ بھیجی ہے کہ دہشت گرد مذکورہ علاقے میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کر سکتے ہیں لہٰذا فوری طور پر تمام راستے اور ہوٹل بند کروائیے ، انہوں نے مزید کہا کہ اس کا اطلاق رہائشیون پر نہیں ہوگا رات کو ان علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری گشت کر رہی تھی اور مشکوک افراد کی تلاشی لی جارہی تھی ۔

ڈیفنس ہاوٴسنگ اتھارٹی نے بھی سیکورٹی خدشات کے باعث نجی ہوٹلوں اور پُر ہجوم مقامات پر گاڑیوں کی تلاشی لینا شروع کردی ہے۔ اتوار کی شب ڈی ایچ اے کے عملے نے فیز 8میں ایک نجی ہوٹل کے قریب سامنے سے گزرنے والی سڑک پر رکارٹیں کھڑی کر کے تمام گاڑیوں کی تلاشی لی ۔ ڈی ایچ اے کے عملے نے کلفٹن ساحل کے اطراف سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیئے ہیں۔