طالبان کی حامی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے، شرجیل میمن

پیر 24 فروری 2014 16:03

طالبان کی حامی جماعتوں پر پابندی لگائی جائے، شرجیل میمن

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2014ء) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ طالبان لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے اور اس کے ساتھ ہی ان کی حامی جماعتوں پر بھی پابندی لگائی جانی چاہیے۔سندھ اسمبلی میں نوٹس دلاؤ نوٹس پر اظہار خیال اور اس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شدت پسندی کی سوچ کے خلاف ہے، ہم نے ہمیشہ طالبانائزیشن کے خلاف آواز اٹھائی کیونکہ بندوق کے زور پر قوم کو یرغمال نہیں بنایا جاسکتا، طالبان کے خلاف پوری قوم متحد ہے، اگر وہ ملکی آئین میں تبدیلی چاہتے ہیں تو طالبان الیکشن میں حصہ لیں۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ لوگوں کو سیکیورٹی فراہم کرے، طالبان کے ساتھ مذاکرات غیر منطقی ثابت ہوئے ہیں، قوم نے طالبان کے حوالے سے اپنا واضح فیصلہ دے دیا ہے،انہوں نے کہا کہ طالبان لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے اس کے ساتھ ان کی حمایت کرنے والی جماعتوں پر بھی پابندی لگنی چاہیئے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں ہورہا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اس لئے آج بھی ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے ان کی جماعت کے رابطے ہیں اور ان تمام جماعتوں کے لئے بات چیت کے دروازے کھلیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :