چوہدری نثار نے طالبان کو کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت دیدی

پیر 24 فروری 2014 14:21

چوہدری نثار نے طالبان کو کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت دیدی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سنا ہے کہ کئی طالبان کرکٹ کا شوق رکھتے ہیں اگر ان سے ایک میچ ہوجائے تو اچھا نتیجہ نکلے گا۔ اسلام آباد میں پی سی بی الیون اوردولت مشترکہ کی ٹیموں کے درمیان ایک نمائشی میچ میں شرکت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا کھیل ہمارے ملک میں اتحاد کا مظہر سمجھا جاتا ہے ہم چاہتے ہیں کہ یہ کھیل آزاد ماحول اور فضاؤں میں کھیلاجائے، ہم پاکستان کو پُرامن بنانا چاہتے ہیں بس ہمیں پر عزم ہونے کی ضرورت ہے اور انشا اللہ ہم ملک کو محفوظ بنا کر دم لیں گے۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، اس مقابلے کا انعقاد فلاحی مقاصد کے لئے کیا گیا اور اس سے دنیا میں پاکستان کا اچھا امیج جائے گا، وہ نمائشی میچ کےانعقاد پرپی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں سیاست آجائےتونقصان پہنچتا ہے، ہم پر امن لوگ ہیں ہمیں کسی سے لڑائی مول نہیں لینی لیکن ہمارے دشمن تاثر دیتے ہیں کہ پاکستان میں صرف دہشتگردی ہوتی ہے کھیل نہیں وہ ہمیں اور ہماری کرکٹ کوتنہا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اس لحاظ سے ايشياکپ کے لئے بنگلہ دیش جانےوالی ٹیم پردہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

وزير داخلہ کا کہنا تھا کہ کئی طالبان کرکٹ کا شوق رکھتے ہیں اور سنا ہے کہ وہ پاکستان کے میچز بھی بڑے شوق سے دیکھتے ہیں، اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ اگر طالبان کےساتھ ایک میچ ہوجائےتو اس کا اچھا نتیجہ نکلے گا۔