کراچی میں پانچ، پنجاب میں تین روزہ پولیو مہم شروع، خیبرایجنسی میں بائیکاٹ

پیر 24 فروری 2014 11:44

کراچی میں پانچ، پنجاب میں تین روزہ پولیو مہم شروع، خیبرایجنسی میں بائیکاٹ

کراچی/لاہور/خیبرایجنسی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24فروری 2014ء) کراچی میں بن قاسم اور لانڈھی کی پانچ یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی جا رہی ہے،پنجاب میں بھی تین روزہ مہم شروع کر دی گئی جبکہ خیبر ایجنسی میں معاوضوں کی عدم ادائیگی کیخلاف رضاکاروں نے مہم کا بائیکاٹ کر دیا۔ کراچی:بن قاسم اور لانڈھی کی 5 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم تاخیر کا شکار ہے۔

کراچی کے اضلاع بن قاسم ٹاؤن کی تین اور لانڈھی ٹاؤن کی دو یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم اتوار کو ملتوی کر دی گئی تھی جس کے باعث بن قاسم کی یو سی2 ،3،4 میں 44179 بچے اور لانڈھی کی یو سی1 اور 2 میں 30977 بچے انسداد پولیو قطرے سے محروم رہ گئے تھے۔ان یونین کونسلوں میں آج بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

گڈاپ، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی، سائٹ، گلشن اقبال، لانڈھی، کورنگی اور بن قاسم کی یونین کونسلوں مین دو روزہ انسداد پولیو مہم منگل اور بدھ کو چلائی جائے گی۔

خیبر ایجنسی کے علاقے لنڈی کوتل میں متعدد پولیو رضا کاروں نے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر پولیو مہم کا بائیکاٹ کر دیا۔رضا کاروں کا موقف ہے کہ گزشتہ چھ مہم کے دوران رقم ادا نہیں کی گئی۔دوسری جانب پنجاب میں پولیو کے خلاف تین روزہ مہم شروع ہو گئی ۔مہم کے دوران ایک کروڑ پچھتر لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے ۔ محکمہ صحت پنجاب نے تین روزہ مہم کیلئے انتالیس ہزار ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو گھر گھر جا کر ایک سال سے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کی مہلک بیماری سے بچاؤ کے قطرے پلا ر ہی ہیں۔