پنجاب یو تھ فیسٹیول ،پونے 2 لاکھ افراد کل قومی ترانہ پڑھ کر اور قومی پرچم لہرا کر عالمی ریکارڈز بنا نیکی کوشش کرینگے،تیاریاں مکمل،پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کے گراؤنڈ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں، پنڈال میں کرسیاں لگ گئیں، 16سیکٹرز بنائے گئے ہیں،وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں ، ڈی جی سپورٹس عثمان انور اور اعلیٰ حکام نے انتظامات کا جائزہ لیا ، 12 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دیں گے، فضائی نگرانی بھی ہو گی

اتوار 23 فروری 2014 20:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) پنجاب یوتھ فیسٹول میں پاکستانی قوم کل (پیر ) مزید دوورلڈ ریکارڈز قائم کرنے کی کوشش کریگی ،پونے دو لاکھ زندہ دلان لاہور کل قومی ترانہ پڑھنے اور پرچم لہرانے کے دو عالمی ریکارڈ بنا کر نئی تاریخ رقم کر نے کی کوشش کریں گے۔ اس سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جس کا عملی مظاہرہ کل پیر کے روز پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس گراونڈ میں ہوگاجبکہ اتوار کے روز اس سلسلہ میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔

پنجاب یونیورسٹی گراؤنڈ میں پونے دو لاکھ افراد ایک جگہ اکٹھے ہو کر قومی ترانہ پڑھ اور سبز ہلالی پرچم لہرا کر نئی تاریخ رقم کریں گے ، سکیورٹی اور ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام براہ راست مانیٹرنگ کریں گے ۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی نیوکیمپس کے پنڈال کو کرسیوں سے بھر دیا گیا ہے جس میں پونے دو لاکھ افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، کمشنرراشد محمود لنگڑیال، ڈی سی اوڈاکٹر احمد جاوید قاضی، آئی جی پنجاب خان بیگ، سی سی پی او شفیق گجر سیکرٹری سپورٹس محمدخان کھچی، ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور سمیت ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام نے پنجاب یونیورسٹی نیو کیمپس کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا۔

پنڈال کو 16 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے جہاں 30 ہزار رضاکار خدمات انجام دیں گے۔ پاکستان کی تاریخ کی اس عظیم الشان تقریب کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ 50 سے زائد سے سیکورٹی بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے منی ایمرجنسی ہسپتال بھی قائم کر دیا گیا ہے جس میں پیرامیڈیکل سٹاف کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ جناح ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال میں بھی اس حوالہ سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

پنڈال کی طرف جانے والے راستوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کیلئے 800 سے زائد ٹریفک وارڈنزکو تعینات کیا گیا ہے اس کے علاوہ 12 ہزار سے زائد پولیس اہلکار بھی امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے موجود ہوں گے۔پنجاب یونیورسٹی میں آنے والے افراد کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے نیوکیمپس اور ماڈل ٹاؤن کے بلاک میں پارکنگ سٹینڈ بنائے گئے ہیں۔ جہاں سے نوجوانوں کو مختلف سکینرز سے گذار کر پنڈال تک پہنچایا جائے گا۔

پنڈال میں نوجوان کی آمد کا سلسلہ صبح 8 بجے شروع ہوگا۔ پولیس کی جانب سے پنڈال کے تمام داخلی اور خارجی راستوں سمیت تمام علاقے کو سراغ رساں کتوں کی مدد سے چیک کیا جائے گا۔ لاہور پولیس کے سربراہ کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلہ میں سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور تقریباً12ہزار کے قریب پولیس اہلکار حفاظتی ڈیوٹیوں پر تعینات ہوں گے پنجاب کے اعلیٰ حکام اور سرکاری حکام انتظامات کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گے ۔ یاد رہے کہ چند روز قبل 29ہزار40طلبہ نے قوم پرچم بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ۔