افغان طالبان کا قیدیوں کے تبادلے کے لیے ہونے والے مذاکرات معطل کرنے کااعلان، افغانستان کی موجودہ پیچیدہ سیاسی صورتحارل کے باعث مذاکرات جاری رکھنا ممکن نہیں ،ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا بیان

اتوار 23 فروری 2014 20:12

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) افغان طالبان نے امریکہ سے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر ہونے والے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کردیا،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں مذاکرات کی معطلی کی وجہ افغانستان کی موجودہ پیچیدہ سیاسی صورتحال کو قرار دیا،تاہم انھوں نے پیچیدہ سیاسی حالات کی وضاحت نہیں کی،گذشتہ کچھ عرصے سے امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں ہونے والے مذاکرات خبریں سامنے آتی رہیں تاہم پہلی بار طالبان نے ان کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے معطل کیے جانے کا اعلان کیا ہے،واضح رہے کہ مذاکرات میں 2009 سے طالبان کی قید میں موجود امریکی فوجی سارجنٹ بوئے برگڈال کے بدلے گوانتاناموبے میں قید پانچ طالبان قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر بات چیت ہو رہی تھی،یہ معاملہ گذشتہ ماہ سے امریکی کانگرس میں بھی زیرِ بحث تھا جس کے بعد امریکہ نے شرط رکھی تھی کہ سارجنٹ بوئے برگڈال کے زندہ ہونے کا ثبوت پیش کیا جائے اس کے جواب میں طالبان نے اسی ماہ امریکی فوجی کی ویڈیو جاری کی تھی اور اس کے حالیہ ہونے کے ثبوت کے طور پر اس میں جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی وفات کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔