نئے بلدیاتی نظام سے عوام حقیقی معنوں میں بااختیار اور اپنی قسمت کے خود مالک بن جائیں گے،پرویزخٹک،اگلے مہینے اپریل میں انتخابات کروانے جا رہے ہیں،بلدیاتی انتخابات انتہائی ضروری ہے،پارٹی کارکن بھرپورتیاری کریں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

اتوار 23 فروری 2014 19:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے صوبائی حکومت کے نئے بلدیاتی نظام کوزیریں سطح پر عوام کو با اختیار بنانے اور اُنہیں زندگی کی تمام بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہمی کو یقینی بنانے کا ایک موثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نظام کی بدولت نچلی سطح پر عوام حقیقی معنوں میں بااختیار اور اپنی قسمت کے خود مالک بن جائیں گے یہاں کے مقابلے میں پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی نظام کے نام پر عوام سے دھوکے اور ڈرامے کا پروگرام بنایا گیا ہے اسکے باوجودبھی دوسرے صوبے بلدیاتی انتخابات کا جلد انعقاد نہیں چاہتے مگر ہم اگلے مہینے اپریل میں یہ انتخابات کروانے جا رہے ہیں آنیوالے بلدیاتی انتخابات کو انتہائی اہم قراردیتے ہوئے اُنہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ان میں پارٹی کی کامیابی کیلئے بھر پور تیاریاں کریں وہ پاکستان تحریک انصاف پشاور کے مصالحتی کمیٹی کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے کمیٹی کے چیئرمین اور پی ٹی آئی کے ضلعی جنرل سیکرٹری یونس ظہیر کی قیادت میں اُن سے وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں ملاقات اور صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد، اب تک کی پیشرفت، صوبے کو درپیش خطرات، پشاور کے شہریوں و کارکنوں کے بعض مسائل اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کیلئے تحریک انصاف کی تیاریوں اور دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا وفد کے ارکان میں سلطان زیب خٹک، نواب خان آفریدی، صاحب سنگھ، انجینئر امان الله خان، داؤد جان، کشور زمان خٹک، حاجی عبد الله، بشارت حسین اور عابد خان شامل تھے وفد سے باتیں کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آج یہاں کے عوام کو دہشت گردی سمیت سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے صوبائی حکومت کو درپیش خطرات کو پورا ادراک ہے اور اس نمٹنے کیلئے پورے احتیاط سے قدم بڑھا رہی ہے پچھلے ادوار میں عوام مقامی سطح پر صحت و صفائی سمیت لاتعداد مسائل کا شکار بنے انہیں مقامی سطح پر صاف و شفاف اور پرسکون ماحول مہیا کرنے کیلئے ہم نے بلدیاتی نظام کو عوامی امنگوں کا آینہ دار بنایا ہے ہمارا بلدیاتی نظام ملک کے باقی تمام صوبوں کیلئے ایک قابل تقلید مثال بنے گا جو صوبے کے عوام کی 60 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنے اور اُنہیں اپنے معاملات میں با اختیار بنانے میں انتہائی مدد گار ثابت ہو گا کیونکہ اس نظام کے تحت تقریباً تمام انتظامی اور مالی اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کئے جارہے ہیں اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس بلدیاتی نظام کو ہر لحاظ سے کامیاب بنانے اور عوام کو حقیقی معنوں میں اس کے ثمرات پہنچانے کیلئے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی بھر پور کامیابی انتہائی ضرور ی ہے اسلئے کارکنان مقصد و اہداف کا حصول ممکن بنانے کیلئے پوری طرح فعال بنیں اس ضمن میں وہ آپس کے چھوٹے موٹے اختلافات کو بھی پس پشت ڈال کر متحد ہو جائیں وزیر اعلیٰ نے مصالحتی کمیٹی کو ذمہ داری سونپی کہ وہ صلح جوئی کی روش اپناتے ہوئے پارٹی کارکنان، منتخب نمائندگان اور عہدیداران کے باہمی اختلافات اور ناراضگیوں کو ختم کرکے اُنہیں شیر و شکر بنانے اور متحد کرنے کیلئے موثر کام کریں اور اس سلسلے میں اُنہیں روزانہ کی بنیادوں پر رپورٹ پیش کریں اور واضح کیاکہ جہاں کہیں مسئلہ حل نہ ہو تو انہیں بتائیں تاکہ وہ خود اپنی سطح پر ایسے مسائل کو حل کرنے کو شش کریں اور ضرورت پڑے تو پارٹی کی مرکز ی قیادت کو بھی شریک کیا جائے یونس ظہیر نے یہ اہم ذمہ داری سونپنے پر وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ اُن کے اعتماد پر پورا اُترنے اور اس ذمہ داری کو بطریق احسن نبھانے کیلئے بھر پور کوشش کریں گے اُنہوں نے بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے اور عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے اُٹھائے گئے انقلابی اقدامات کی بدولت پارٹی کی عوامی مقبولیت اور اداروں پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے جس کی بدولت پارٹی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اُنہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ اتحادی حکومت کے تبدیلی کیلئے کئے گئے اقدامات کے اثرات تھانوں اور پٹوار خانوں سمیت ہر سطح پر واضح طور پر نظر آنے لگے ہیں اور عوام ان کا اعتراف بھی کرتے ہیں جبکہ پولیس اور پٹواریوں کے علاوہ تمام سرکاری محکموں اور اہلکاروں کی کارکردگی اور رویوں میں بتدریج بہتری آنے لگی ہے جو خوش آئند بات ہے۔