Live Updates

ڈرون حملوں کیخلاف تحریک انصاف کے دھرنے کو 93روز مکمل،اتوار کو آئی ایس ایف نے دھرنا دیا،افغانستان جانیوالی گاڑیوں کے کاغذات کی چیکنگ جاری

اتوار 23 فروری 2014 19:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) تحریک انصاف کے زیر اہتمام ڈرون حملوں کیخلاف دھرنے کے 93روز پورے ہو گئے ۔اتوار کو 93ویں روز انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے صوبائی صدر سہیل آفریدی،بابائے دھرنا میجر فیاض خلیل اور اقلیتی رہنما ارنسٹ نہال کی قیادت میں دھرنا دیا۔طلباء نے بڑی تعداد میں دھرنے میں شرکت کی ،اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے کارکنان بھی موجود تھے۔

طلباء نے ڈرون حملوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے شمالی وزیرستان پر ایک مرتبہ پھر ڈرون طیاروں کی بڑی تعداد میں پرواز پر تشویش کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہئے کہ ڈرون کو پاکستانی سرحدوں کے اندر آنے کی اجازت نہ دیں۔شرکاء نے کہا کہ موجودہ حالات میں اگر ڈرون حملہ ہوا تو بد امنی میں مزید اضافہ ہو گا اور مذاکرات کے ذریعے امن کے قیام کی امید ٹوٹ جائیگی۔انھوں نے کہا کہ جب تک ڈرون حملے بند نہیں ہوتے دھرنا جاری رہیگا۔طلباء نے مظاہرے کے دوران ڈرون حملوں کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی جبکہ افغانستان جانیوالی گاڑیوں کے کاغذات بھی حسب معمول چیک کرتے رہے۔کل بروز پیر انصاف یوتھ ونگ دھرنا دیگی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات