قومی اسمبلی اورسینیٹ کے اجلاس(کل) شروع ہونگے،طالبان سے مذاکرات ،ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات اورامن وامان سمیت دیگر اہم امورپربحث کی جائے گی

اتوار 23 فروری 2014 19:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) قومی اسمبلی اورسینیٹ کے اجلاس(کل)پیرسے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں شروع ہونگے جس میں طالبان سے مذاکرات ،ملک میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور ملک میں امن وامان سمیت دیگر اہم امورپربحث کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان قومی اسمبلی کو طالبان سے ہونیوالے مذاکرات میں تعطل اوردہشتگردی کیخلاف سیکیورٹی ایجنسیوں کی ذاتی دفاع میں لی گئی کارروائیوں کے حوالے سے آگاہ کریں گے ۔

ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ داخلی سیکیورٹی پالیسی 25فروری کو کابینہ کے اجلاس میں منظور کی جائے گی جس کے تحت نیکٹا کو متحرک اورفعال ادارہ بنایاجائیگا اس پالیسی کی منظوری کے بعد بھی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان ایوان کو پالیسی کے اہم نکات سے آگاہ کریں گے جبکہ وزیرمملکت برائے داخلہ انجینئربلیغ الرحمان سینیٹ کو طالبان سے مذاکرات اوردیگر امور کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔