کراچی،رینجرز کا مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن، 25ملزمان گرفتار،اسلحہ بر آمد ،فائرنگ کے واقعات میں دوافرادجاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے

اتوار 23 فروری 2014 16:01

کراچی،رینجرز کا مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن، 25ملزمان گرفتار،اسلحہ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 فروری ۔2014ء) شہرقائد میں جرائم پیشہ عناصرکے خلاف ٹارگیٹڈآپریشن جاری ہے ،رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کر کے 25ملزمان کو حراست میں لیکراسلحہ بر آمد کر لیا ہے جبکہ فائرنگ کے واقعات میں دوافرادجاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں جرائم پیشہ افراد اور کالعدم تنظیموں کے کارندوں کے خلاف قانون نافذکرنے والے اداروں کا ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔

رینجرز ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رینجرز نے گریکس کالونی، بھٹائی آباد، قائد آباد، بلال کالونی، میانوالی کالونی، قلندریہ چوک، 13 ڈی گلشن اقبال، بلوچ گوٹھ، ماڈل کالونی اور مہران ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرکے25ملزمان کو گرفتار کرلیاہے ۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں گینگ وار اور کالعدم تنظیم کے افراد بھی شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے مختلف اقسام کے 42ہتھیار بھی برآمدکیئے ہیں۔گرفتارملزمان کو مزیدتفتیش کے لیئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب سے گلشن معمار اور سائٹ میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جبکہ بلدیہ ٹاؤن اور لیاری میں فائرنگ سے دوافرادزخمی ہوگئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق گلشن معمار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیئے اسپتال منتقل کردیا گیاجبکہ سائٹ ایریا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جان سے گیا، جس کی شناخت یار محمد عرف یارو کے نام سے ہوئی۔

لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیاگیا۔ادھر بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے طبی امدادکے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔لیاری کے علاقے آٹھ چوک کے قریب بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوازشریف نامی شخص زخمی ہوگیا ،جسے طبی امدادکے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔