پشاور، اساتذہ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ایک دوسرے سے باہمی تعاون کو فروغ دیں ،حبیب الرحمان

ہفتہ 22 فروری 2014 22:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیرزکوٰة،اوقاف اور مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے والدین اور اساتذہ سے کہا ہے کہ وہ نئی نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ایک دوسرے سے باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ تعلیمی معیارمیں ممکنہ حد تک بہتری لائی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روزاقراء سکول اینڈ کالج سواڑی ضلع بونیر میں یوم والدین اور ٹیلنٹ ایوارڈ کی تقسیم کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدارت سوات بورڈ کے چیئرمین نے کی۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کی چھپی صلاحیتوں کو والدین اور اساتذہ قریبی رابطے رہتے ہوئے تلاش اور اجاگر کریں اور ان کی صحیح سمت میں رہنمائی کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں کئی چیلنجوں کا سامنا ہے اور ان چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ہمیں اولین ترجیح تعلیم کو دینی ہوگی۔انہوں نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ حصول علم پر اپنی توجہ مکمل طور پر مرکوز رکھیں کیونکہ مستقبل میں انہوں نے ہی ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے ۔بعد ازاں صوبائی وزیر حاجی حبیب الرحمان نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء میں ایوارڈز تقسیم کئے اور انہیں مبارکباد دی۔

متعلقہ عنوان :