پی ایس 128،الیکشن ٹریبونل کی نادرا کو 26فروری تک فریقین کے تحفظات دورکرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

ہفتہ 22 فروری 2014 20:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) الیکشن ٹریبونل کراچی نے پی ایس 128پر مبینہ دھاندلی کے خلاف دائر درخواست پر نادرا کو ہدایت کی ہے کہ 26 فروری تک فریقین کے تحفظات دور کرکے میٹریل رپورٹ پیش کرے ۔الیکشن ٹریبونل کراچی کے جج جسٹس (ر)ظفر احمد خان شیروانی نے مسلم لیگ (ن) کے سلطان جوہری کی درخواست پرکیس کی سماعت کی ،جس میں انہوں نے اس حلقہ سے ایم کیو ایم کے کامیاب امیدوار سید وقار حسین شاہ کی کامیابی کو چیلنج کیا ہے ۔

گزشتہ سماعت میں عدالت نے نادرا کو انتخابی دھاندلی سے متعلق مفصل رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔دوران سماعت ریجنل ڈپٹی ڈائریکٹر نادرا وقاص لنگاہ نے رپورٹ سے متعلق فریقین کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ گزشتہ سماعت میں نادرا کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں 20ہزار سے زائد ووٹوں کو جعلی قرار پائے تھے ۔

(جاری ہے)

جبکہ کچھ ووٹوں کی تصدیق غیر معیاری سیاہی کے باعث نادرااپنی رپورٹ میں نہیں کرسکا ۔

ہفتہ کو ہونے والی سماعت میں ٹریبونل نے نادرا کو ہدایت کی کہ وہ26 فروری تک نادرا رپورٹ پر فریقین کے تحفظات دورکرے اور27 فروری تک ہونے والی سماعت میں اپنی رپورٹ جمع کرائے ۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار سید وقار حسین شاہ 23894لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ متحدہ دینی محاذ کے مولانا اورنگزیب فاروقی23600ووٹ لے کر اور درخواست گزار سلطان جوہری 5500ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے تھے ۔نادرا رپورٹ کے مطابق فوج کی نگرانی میں کرائے گئے حلقے کے 6پولنگ اسٹیشنوں پردوبارہ انتخابات میں بھی 251ووٹ جعلی نکلے۔

متعلقہ عنوان :