حالات اس قدر خراب نہیں جس طرح کا تاثر دیا جارہا ہے، لوگ محبت کرنے والے مہمان نواز ہیں،گورنرسندھ، پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے میچز نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ یہاں کے لوگ کھیل سے بے پناہ لگاؤ اور محبت کرتے ہیں ،پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ ٹیموں سے ملاقات

ہفتہ 22 فروری 2014 20:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 فروری ۔2014ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ صوبے اور شہر میں حالات اس قدر خراب نہیں جس طرح کا تاثر دیا جارہا ہے یہاں کے لوگ محبت کرنے والے مہمان نواز ہیں پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے میچز نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ یہاں کے لوگ کھیل سے بے پناہ لگاؤ اور محبت کرتے ہیں یہ دو طرفہ تعلقات میں عوامی سطح پر ایک مضبوط پیغام ہے ۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار گورنر ہاؤس میں پاک بھارت بلائنڈ کرکٹ ٹیموں سے ملاقات میں کہی ۔ ا س موقع پر پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید، کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی ، ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات ، سیکریٹری اسپورٹس لئیق احمد ، ورلڈ اور پاکستان بلائنڈکرکٹ ٹیم کے صدر سید سلطان شا ہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ میری خواہش تھی کی میں بھی پاک بھارت میچ نہ صرف دیکھوں بلکہ آپ لوگوں کے ساتھ بھی کھیلوں لیکن وقت کی مجبوری کی وجہ سے یہ موقع حاصل نہ کرسکا مجھے بے پناہ خوشی ہے کہ آپ یہاں تشریف لائے مجھے امید ہے کہ دونوں ٹیموں نے کرکٹ کو خوب انجوائے کیا ہوگا کامیاب سیریز کے کراچی میں میچ کے انعقاد پر میں انتظامیہ اور پولیس کو مبارکباد پیش کرتاہوں جنھوں نے فول پروف سیکیورٹی اور پر امن موقع فراہم کیا ۔

گورنر سندھ نے کہاکہ 2004 ء اور2005 ء کے پاک بھارت ون ڈے سیریز میں صورتحا ل یہی تھی لیکن جب کراچی میں میچ ہوا اور جس طرح پبلک اور کھلاڑیوں نے انجوائے کیا تو بھارت کے کھلاڑیوں نے اس بات کا اظہار کیا کہ کاش مزید میچز بھی یہاں ہوتے ۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ یہ ایک بہترین کاوش ہے آپ کے یہاں آنے سے خطے کی عوام کو دو پیغامات ملے ایک یہ کہ دو طرفہ پر امن تعلقات کے لئے عوامی سطح پر مضبوط اور دیر پا ہونے چاہئے دوسرا پاکستان آکر مثبت سرگرمی میں حصہ لینا ان تمام منفی تاثر کو زائل کرتا ہے جو پھیلائے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ دو مرتبہ صومالی قید میں تمام افراد کو انسانیت کی بنیاد پر رہا کرایا گیا جس میں پاکستانیوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جس کا اظہار قید سے رہائی حاصل کرنے والے بھارتیوں نے بھی کیا ہمیں اسی جذبے سے آگے بڑھنا ہوگا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ آپ کو ہماری مہمان نوازی اچھی لگی ہوگی اپنے وطن آپ پاکستان اور عوام کے حوالے سے ایک اچھا پیغام لے کر جائیں گے ۔

اس سے قبل کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ پاک بھارت کرکٹ میچزکے کامیابانعقاد سے دنیا بھرکوایک پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستانی پر امن اور کھیل سے محبت کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ گورنر سندھ کی ہدایت کے مطابق کراچی پولیس نے کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی اس ضمن میں سیکریٹری اسپورٹس کا تعاون بھی اہم رہا کھلاڑی بڑی خوش گوار یادیں لے کر اپنے وطن واپس جائیں گے ۔

ورلڈ اور پاکستان کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ پر گورنر سندھ کے ممنون ہیں اس سلسلے میں کمشنر کراچی کی بڑی کاوشیں شامل رہی ہیں اپنے دورے کے دوران بھارت کے کھلاڑیوں نے ہمیں بتا یا کہ ہمیں ایسا لگتا ہے کہ ہم اپنے وطن میں ہی ہیں ۔ بھارت ٹیم کے منیجر نے کہا کہ بھارت سے کھلاڑیوں سمیت 17 افراد آئے ہیں ہم سب بہت خوش ہیں ہمیں کہیں محسوس نہیں ہوا کہ ہم اپنے ملک سے باہر کھیل رہے ہیں ہم سب بھارت جاکر پاکستان کی مہمان نوازی ، کھیل سے محبت اور لگاؤ کا پیغام دینگے اور سب کو بتائیں گے کہ ہم ایک ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ شیڈول میں کراچی میں میچ نہیں تھا لیکن ہم نے اصرار کیا کہ اس شہر میں ضرور میچ کھیلیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت سیریز 3 ٹی 20 اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل ہے ٹی 20 میں پاکستان نے کلین سوئپ کیا جبکہ ون ڈے سیریز ایک ایک میچ سے برابر ہے ۔ سیریز کا فائنل میچ آج( اتوار)نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا ۔ گورنر سندھ نے جیتنے والی ٹیم کو پیشگی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ہمیں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہر کرنا چاہئے یہی کسی بھی کھیل کا واضح پیغام ہے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان شیکھر نائیک نے کہا کہ پاکستان آکر جو خوشی ہوئی اس کا اظہارکرنا مشکل ہے میں بھارت کی طرف سے آپ سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتاہوں ۔ سیکریٹری اسپورٹس لئیق احمد نے کہا کہ گورنر سندھ کی سرپرستی میں کھیل کے تمام ایونٹس منعقد ہورہے ہیں اسپورٹس کے حوالے سے گورنر سندھ کی سرپرستی جاری ہے ہم نے ثابت کردیا کہ کراچی میں عالمی کرکٹ ٹیمیں میچز کھیل سکتی ہیں دونوں ٹیموں نے انسانی کمی کو معذوری میں تبدیل ہونے نہیں دیا اپنے بلند حوصلے سے واضح پیغام دیا کہ اسی حوصلے اور جذبے کے ساتھ دیگر افراد بھی آگے بڑھیں ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ بھارتی ٹیم جب اپنے ملک جائے گی تو پر امن پاکستان کے پیغام کو تقویت ملے گی بلائنڈ کھلاڑیوں نے اپنے جذبے سے ثابت کیا کہ قدرتی وجہ سے کوئی عضو معطل ہو جائے یاکوئی کمی ہو پھر بھی و ہ معاشرے کے ہر شعبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکتاہے معاشرے میں اس عزم اور حوصلے کی ضرورت ہے جو کھلاڑیوں نے ظاہر کی یہ ایک جذبہ اورخطے کی بڑی آبادی کو پیغام ہے ۔

انہوں نے کہاکہ جب بھی کرکٹ کی بات ہوتی ہے تو ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم یاد آجاتے ہیں وہ کرکٹ کے ایونٹ کے انعقاد کے لئے سرگرم ہوجاتے تھے کرکٹ سے ان کو خاص لگاؤ تھا آج بھی ان کا وژن جاری ہے وہ ہمارے وزیر اسپورٹس تھے آج وہ ہم میں موجود نہیں ہیں اس موقع پر میں انھیں خراج تحسین ضرور دوں گا جس پر سب نے تالیاں بجاکر ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم کو خراج تحسین پیش کیا ۔ بعد ازاں کھلاڑیو ں نے گورنر سندھ کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی بنوائے ۔

متعلقہ عنوان :